عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی، محمد یوسف تاریگامی کا سیتا رام یچوری کے بیٹے کی موت پر اظہار غم

عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی، محمد یوسف تاریگامی کا سیتا رام یچوری کے بیٹے کی موت پر اظہار غم

سری نگر/جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر سیتا رام یچوری کے بیٹے کی کورونا سے موت واقع ہونے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
سی پی آئی ( ایم) کے جموں و کشمیر یونٹ کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے بھی سیتا رام یچوی کے فرزند ارجمند کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پسماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔
بتادیں کہ سیتا رام یچوری کے 35 سالہ فرزند آشش یچوری کی گڑگاؤں کے میدانتا ہسپتال میں جمعرات کی علی الصبح کورونا سے موت واقع ہوئی۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں آشش یچوری کی موت پر اظہار دکھ کرتے ہوئے کہا: ’میں سیتا رام یچوری اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ مصیبت کی اس گھڑی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا لیکن ہمارے پاس ہمدردی اور تعزیت پرسی کے لفظوں کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ میں مرحوم کے روح کی شانتی اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لئے دعا گو ہوں‘۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سی پی آئی(ایم) لیڈر کے بیٹے کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’بچے کے کھونے کی تکلیف کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ میں سیتا رام یچوری اور ان کی اہلیہ کی خدمت میں ان کے بیٹے آشش کی کووڈ سے موت ہونے پر تعزیت وتسلیت پیش کرتی ہوں‘۔
سی پی آئی (ایم) جموں و کشمیر یونٹ کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے بھی سیتا رام یچوری کے بیٹے کی موت پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’یہ بہت ہی کربناک خبر ہے۔ میں آپ اور آپ کے خاندان کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں، حوصلہ رکھیں کامریڈ‘۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.