سری نگر/وادی کشمیر میں دوران شب ہلکے درجے کی مختصر برف وباراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دوران شب وادی کشمیر کے بعض بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد 29 مارچ یعنی پیر کی شام سے موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وادی میں 30 مارچ کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں متوقع ہیں تاہم بعد ازاں 4 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا وادی میں پیر کی صبح بارشوں کے بعد موسم میں بہتری واقع ہونا شروع ہوئی۔ مطلع اگرچہ ابر آلود رہا تاہم آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کئی کامیاب کوششیں کیں۔
وادی میں موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی مغل باغوں بالخصوص شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ میں مقامی و غیر مقامی سیاحوں میں روز افزوں اضافہ درج ہو رہا ہے۔بتادیں کہ باغ گل لالہ کو 25 مارچ سے لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
یو این آئی