آج سے کھلیں گی دکانیں ،بغیر اوجڑی535روپے فی کلو مقرر
شوکت ساحل
سرینگر۔چار ماہ کی طویل ترین مدت کے بعد وادی کشمیرکے مٹن ڈیلروں اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کو بدھ کے روز کامیاب ہوئے ۔انتظامیہ نے480کی بجائے اب بغیر اوجڑی گوشت کی قیمت فی کلو (پرچون) 535روپے مقرر کی ہے جبکہ100گرام اوجڑی سمیت فی کلو490 روپے بازاروں میں فروخت ہوگا ۔مٹن ڈیلروں اور انتظامیہ نے گوشت کی نئی قیمت پر اتفاق کرلیا ہے ۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مٹن ڈیلروں کے نمائندوں نے بدھ کی صبح محکمہ خوراک ،شہری رسدات وامور ِ صارفین کے ناظم ، بشیر احمد خان کیساتھ ایک میٹنگ ،اُنکے دفتر ھذٰا پر منعقد ہوئی ۔اس میٹنگ میں مٹن ڈیلر وں انجمنوں کے نمائندوں جن میں معراج الدین گنائی ، خضر محمد رگو اور منظور احمد قانون وغیرہ شامل تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ قریب آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں تمام صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ اس کے بعد ایک اور میٹنگ دوپہر دو بجے محکمہ خوراک ،شہری رسدات وامور ِ صارفین کے ناظم ، بشیر احمد خان کیساتھ ہوئی ،جس میں کشمیر اکنامکس الائنز کے کو ۔چیئرمین فاروق احمد ڈار اوردیگر زعماﺅں نے بھی شرکت کی ۔ذرائع نے بتایا کہ یہ میٹنگ بھی قریب آدھے گھنٹے تک جاری رہی ،جس میں گوشت کی قیمت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ محکمہ خوراک ،شہری رسدات وامور ِ صارفین کے ناظم ، بشیر احمد خان کے دفتر پر گوشت کی قیمت پر اتفاق ہونے کے بعد با ضابط طور پر اتفاق ہوا ،جس کے حوالے سے مٹن ڈیلروں کو بیان ِ حلفی بھی جمع کرانا ہوگا ۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں میٹنگوں میں480کی بجائے بغیر اوجڑی گوشت کی قیمت فی کلو (پرچون) 535روپے جبکہ100گرام اوجڑی سمیت فی کلو490 روپے پر اتفاق کرلیا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ شام پانچ کے قریب مٹن ڈیلروں اور سیول سوسائٹی اراکین کے درمیان صوبائی کمشنر کشمیر ،پے کے پولے کے درمیان میٹنگ ہوئی ۔
یہ میٹنگ قریب آدھے گھنٹے تک جاری رہی ،جس کے بعد اتفاق شدہ گوشت کی نئی قیمت پر صوبائی کمشنر کشمیر نے اپنی مہر ثبت کی ۔کامیاب میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کشمیر اکنامکس الائنس کے کو۔چیئرمین فاروق احمد ڈار نے بتایا’ چار ماہ کے بعد برف پگھل گئی ،امید ہے کہ اب گوشت کی دکانیں کھلیں گی ،یہ مسئلہ ہوا ‘۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے وادی کشمیر کے عوام کو گوشت کی عدم دستیابی کے سبب مشکلات کا سامنا رہا ،یہاں تک کہ معراج العالم ﷺ کے عزیم دن کے موقع پر بھی اہلیان کشمیر گوشت سے محروم رہے ۔ان کا کہناتھا کہ اب جبکہ ماہ رمضان اور عید کیساتھ ساتھ شادیوں کا سیزن بھی شروع ہونے جارہا ہے ،ایسے میں اس مسئلے کا حل تلاش کرنا ضروری تھا ۔فاروق ڈار نے کہا کہ صوبائی کمشنر کشمیر سنجیدہ تھے ،جس کے بعد یہ تعطل ختم ہوا ۔
مٹن ڈیلرایسو سی ایشن کے صدر ،خضر محمدرگو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پورے چار ماہ بعد یہ تعطل ختم ہوا ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کیساتھ جو قیمت مقرر ہوئی ہے ،بغیر اوجڑی گوشت کی قیمت فی کلو (پرچون) 535روپے جبکہ100گرام اوجڑی سمیت فی کلو490 روپے طے پائی گئی ۔ان کا کہناتھا کہ جمعرات سے مٹن کی دکانیں کھل جائیں گی اور ہڑتال کو اب یہی ختم کیا جاتا ہے ۔
کوٹھدارایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری معراج الدین گنائی نے میٹنگوں میں گوشت کی قیمت پر اتفاق کے حوالے سے اظہار کرتے ہوئے کہا ’ ہم مطمئن نہیں ہیں ،تاہم قیمت کو زمینی سطح پر نافذ کرنے کے حوالے سے ہر ایک کو اپنا کر دار ادا کرنا چاہئے ‘۔





