سری نگر، 16 مارچ : سری نگر کے مضافاتی علاقہ مجھ گنڈ میں منگل کی دوپہر کو تین نقاب پوش افراد گرامین بینک کی ایک شاخ سے قریب ساڑھے تین لاکھ روپے اڑا لے گئے۔
بتادیں کہ یہ وادی کشمیر میں ایک ہی ہفتے کے اندر گرامین بینک کی شاخوں کو لوٹنے کا دوسرا واقعہ ہے۔
قبل ازیں شمالی ضلع بارہمولہ کے اگمنہ کنزر میں 12 مارچ کو مبینہ طور پر ایک نامعلوم پستول بردار نے گرامین بینک کے ہی ایک برانچ سے 2 لاکھ 25 ہزار روپے لوٹ لئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے مضافاتی علاقہ مجھ گنڈ میں منگل کی دو پہر کو تین نقاب پوش افراد نے گرامین بینک کی شاخ پر ڈاکہ ڈال کر قریب ساڑھے تین لاکھ روپے نقدی اڑا لئے۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پارمپورہ پولیس اسٹیشن کی ایک پارٹی جائے موقع پر پہنچ گئی اور حقائق کا جائزہ لیا۔
