جموں، 16 مارچ:جموں کے بھلوال علاقے میں منگل کی صبح پولیس نے ایک جہاز نما غبارے کو برآمد کیا ہے جس پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) لکھا ہوا تھا۔
بتادیں کہ جموں میں یہ ایک ہی ہفتے میں رونما ہونے والا اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔
قبل ازیں جموں کے ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر کے سوترا چک گاؤں میں 9 مارچ کو ایسا ہی ایک جہاز نما غبارہ گرا تھا جس کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں کے بھلوال علاقے میں منگل کی صبح مقامی لوگوں نے ایک جہاز نما غبارہ، جس پر پی آئی اے لکھا تھا، کو دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم فوری طور جائے موقع پر پہنچ گئی اور انہوں نے اس غبارے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر اتفاق کے بعد جموں و کشمیر کے سرحدوں پر خاموشی چھائی ہوئی ہے جس سے سرحدی بستیوں کے لوگوں کو راحت نصیب ہوئی ہے تاہم جہاز نما غباروں کی برآمدگی سے ان علاقوں میں سراسیمگی پھیل گئی ہے۔
