سری نگر، 13 مارچ : شمالی ضلع بارہمولہ کے سوپور میں ہفتے کو مشتبہ جنگجوئوں نے گرینیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجوئوں نے ہفتے کو دوپہر کے وقت سوپور بس سٹینڈ میں قائم پولیس پوسٹ کو نشانہ بنا کر گرینیڈ داغا۔
انہوں نے کہا کہ گرینیڈ ایک زوردار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو ایس پی اووز کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں جنہیں فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا۔
انہوں نے زخمی ایس پی اووز کی شناخت محمد افضل اور آزاد احمد کے طور پر ظاہر کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی نسبت متعلقہ پولیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔





