ہفتہ, جولائی ۱۹, ۲۰۲۵
23.3 C
Srinagar

کشمیر: چار دنوں کے برف وباراں کے بعد موسم بہتر، 14 اور 15 مارچ کو مزید بارشوں کی پیش گوئی

سری نگر،13 مارچ: وادی کشمیر میں چار دنوں کے برف و باراں کے بعد موسم میں بہتری واقع ہوئی ہے اور شبانہ درجہ حرارت میں بھی اضافہ درج ہوا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 14 اور 15 مارچ کو موسم ایک بار کروٹ بدل سکتا ہے جس کے باعث میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ موسم میں 16مارچ سے بہتری واقع ہونے کا امکان ہے۔
وادی میں ہفتے کی صبح سے ہی موسم خشک مگر ابر آلود رہا۔ چار دنوں کے مسلسل برف و باراں کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہونے سے لوگوں نے گرم لباس زیب تن کیا ہوا ہے اور گھروں ، دفاتر اور کام کے دیگر مقامات پر گرمی کے الیکٹرک آلات کا ایک بار پھر استعمال کیا جا رہا ہے۔
چار دنوں کی مسلسل بارشوں سے وادی کے دریاؤں جھیل جھرنوں اور ندی نالوں میں پانی کہ سطح بڑھ گئی ہے۔
تاہم متعلقہ حکام نے سیلاب آنے کے خطرات کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دریاؤں اور جھیلوں میں پانی کی سطح معمول سے نیچے ہے۔
موسلا دھار بارشوں سے شہر و گام کی سڑکیں بھی سڑکیں کم جھیل جھرنے زیادہ نظر آرہی ہیں کیونکہ سڑکوں پر بنے گڑھوں میں اس قدر پانی جمع ہوا ہے کہ سڑکیں دکھائی ہی نہیں دے رہی ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ جب گاڑیاں سڑکوں کے ان گڑھوں پر چلتی ہیں تو اس سے اٹھنے والی چھینٹیں دور دور تک چلنے والے مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے کر کہیں کا نہیں چھوڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر پانی سے بھرے گڑھے اور کیچڑ راہگیروں کے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں خاص عمر رسیدہ افراد اور بچوں کا گھروں سے باہر نکلنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔
جاری۔ یو این آئی۔ ا

Popular Categories

spot_imgspot_img