بدھ, جولائی ۱۶, ۲۰۲۵
20 C
Srinagar

کشمیر: مقبول بٹ کی 37 ویں برسی پر کہیں مکمل تو کہیں جزوی ہڑتال

سری نگر// وادی کشمیر میں جمعرات کے روز جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے بانی محمد مقبول بٹ کی 37 ویں برسی کے موقع پر کہیں مکمل تو کہیں جزوی ہڑتال رہی جس سے معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے۔

بتادیں کہ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ترہگام سے تعلق رکھنے والے محمد مقبول بٹ کو سنہ 1984ء میں آج ہی کے دن دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی اور وہیں دفن کیا گیا تھا۔ مقبول بٹ پر الزام تھا کہ انہوں نے 14 ستمبر 1966ء کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کرائم برانچ سی آئی ڈی کے ایک انسپکٹر امر چند کو قتل کیا۔

وادی میں علاحدگی پسند تنظیمیں بالخصوص حریت کانفرنس کے دونوں دھڑے اور جے کے ایل ایف محمد افضل گورو اور مقبول بٹ کی باقیات کی واپسی کا مطالبہ کررہی ہیں۔ سری نگر کے عیدگاہ علاقہ میں واقع تاریخی مزار شہداء میں دو قبریں افضل گورو اور مقبول بٹ کی باقیات کے لئے خالی رکھی گئی ہیں۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر کے پائین و بالائی علاقوں کے بازاروں میں دکان بند اور دیگر کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی جزوی نقل و حمل جاری رہی۔

یو این آئی کے ایک نمائندے نے جمعرات کی صبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کر دیا گیا لیکن لوگوں کی نقل و حمل پر کسی قسم کی پابندیاں عائد نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پائین شہر کے نوہٹہ علاقے میں واقع تاریخی جامع مسجد بند ہے اور جامع مارکیٹ میں بھی الو بول رہے ہیں۔


 یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img