جمعرات, جولائی ۳, ۲۰۲۵
31.6 C
Srinagar

ڈی ڈی سی چیئر پرسن انتخابات:ضلع گاندربل میں نیشنل کانفرنس جبکہ ضلع پلوامہ میں پی ڈی پی کے امیدوار چیئر پرسن منتخب ہوئے

سری نگر// وادی کشمیر میں بدھ کے روز منعقد ہونے والے ڈسٹرکٹ ڈیولوپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے چیئر مینوں اور نائب چیئرمینوں کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے ضلع گاندربل جبکہ پی ڈی پی نے ضلع پلوامہ کے چیئر پرسن کے عہدوں پر جیت حاصل کی۔

وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں ڈسٹرکٹ ڈیولوپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے چیئر مینوں اور نائب چیئرمینوں کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے چیئر پرسن جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے نائب چیئر مین کے عہدے حاصل کئے۔

ذرائع نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کی امیدوار نزہت اشفاق نے 9 ووٹ حاصل کرکے چیئر پرسن کے عہدہ اپنے نام کر دیا جبکہ پی ڈی پی کے امیدوار بلال احمد شیخ نے 8 ووٹ حاصل کرکے نائب چیئر پرسن کا عہدہ حاصل کیا۔

ضلع مجسٹریٹ گاندربل شفقت اقبال نے ایک حکمنامے میں ان انتخابات کے نتائج کی تصدیق کی ہے۔جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں پی ڈی پی کے سید باری اندرابی کو ڈی ڈی سی چیئر مین جبکہ نیشنل کانفرنس کے مختار احمد بھانڈ کو نائب چیئر مین منتخب کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ان انتخابات میں بی جے پی کی ٹکٹ پر جیت درج کرنے والی منہا لطیف اور آزاد امیدوار جاوید رحیم بٹ نے چار چار ووٹ حاصل کئے۔پلوامہ کی 14 ڈی ڈی سی سیٹوں میں سے پی ڈی پی نے 7، نیشنل کانفرنس نے 4 اور 4 سیٹوں پر دیگر جماعتوں بشمول دو آزاد امیدواروں نے حاصل کی تھیں۔

بتادیں کہ پی ڈی پی کے یوتھ لیڈر وحید الرحمان پرہ، جنہیں این آئی اے نے 25 نومبر کو کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے پانچ روز بعد گرفتار کیا تھا، نے ابھی حلف نہیں اٹھایا ہے۔

انہوں نے ڈی ڈی سی حلقہ انتخاب پلوامہ اول سے جیت درج کی تھی۔دریں اثنا پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ضلع پلوامہ اور ضلع گاندربل کے ڈی ڈی سی ممبروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے اس ضمن میں ایک ٹویٹ میں کہا: ’ضلع پلوامہ اور ضلع گاندربل کے ڈی ڈی سی ممبروں کو مثالی ہمت و حوصلے کے مظاہرہ پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ لوگ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے ساتھ انتہائی دباؤ و دھمکیوں کے با وصف کھڑے رہے‘۔

Popular Categories

spot_imgspot_img