حکومتی سطح پر وقف بورڈ کی تشکیل شریعت کے منافی: آغا سید حسن

حکومتی سطح پر وقف بورڈ کی تشکیل شریعت کے منافی: آغا سید حسن

سری نگر، // انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرکزی حکومت کے جموں وکشمیر میں شیعہ وقف بورڈ تشکیل دینے کے مبینہ منصوبوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کا یہ اقدام وقف بورڈ کے بارے میں طے شدہ شرعی قواعد و ضوابط کی پامالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اوقاف کا اپنا ایک مستقل بورڈ ہوتا ہے جو شرعی قواعد و ضوابط کے عین مطابق اس کو چلا کر مستحقوں کی مدد و معاونت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کا یہ اقدام اگر شریعت کے ساتھ متصادم ہوگا تو اس کو کسی بھی حال میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

صدر انجمن شرعی نے مرکزی حکومت کے اس اعلان کہ ‘جموں و کشمیر میں وقف بورڈ تشکیل دینے کا عمل شروع کیا گیا ہے، کے رد عمل میں یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم صدیوں سے یہاں اپنے اوقاف کا انتظام و انصرام ایک بورڈ کے تحت چلا رہے ہیں اور یہ بورڈ تحت شریعت تشکیل پاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریعت میں جس طرح احکام اسلامی کی انجام دہی جیسے نماز، حج، روزہ وغیرہ کے لئے الگ الگ بابوں میں وضاحت کی گئی ہے اسی طرح شریعت کے تحت اوقاف چلانے کا بھی ایک مستقل باب ہے جس میں بورڈ کو چلانے کے لئے تمام تر اصول و ضوابط کو تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے جس پر عمل پیرا ہونا ہم پر واجب ہے۔


 یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.