کشمیر میں سخت سیکورٹی بندوبست اور غیر اعلانیہ ہڑتال کے بیچ یوم جمہوریہ تقاریب منعقد

کشمیر میں سخت سیکورٹی بندوبست اور غیر اعلانیہ ہڑتال کے بیچ یوم جمہوریہ تقاریب منعقد

سری نگر/ وادی کشمیر میں منگل کو ملک کے 72 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ منائی گئیں۔ اس موقع پر غیر اعلانیہ مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال رہی جس کے سبب معمولات زندگی معطل رہے۔

وادی میں یوم جمہوریہ کی سب سے بڑی تقریب گرمائی دارالحکومت سری نگر میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جہاں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی اور مرکزی نیم فوجی دستوں، جموں وکشمیر پولیس، ہوم گارڈس اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے دستوں کی جانب سے پیش کئے جانے والے مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔


وادی کشمیر میں حسب معمول امسال بھی یوم جمہوریہ کے موقع پر موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی گئیں تاہم موبائل فون سروس اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات بر قرار ہی رکھی گئیں۔


وادی میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک بار پھر غیر اعلانیہ ہڑتال رہی جس کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آواجاہی کلی طور پر معطل رہی۔ تاہم سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور بینک سرکاری تعطیل ہونے کی وجہ سے بند رہے۔


یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.