کشمیر میں بھاری برف باری کا چوتھا دن، زمینی و فضائی رابطے منقطع، نظام زندگی مفلوج

کشمیر میں بھاری برف باری کا چوتھا دن، زمینی و فضائی رابطے منقطع، نظام زندگی مفلوج

سری نگر/ وادی کشمیر میں بھاری برف باری کا سلسلہ بدھ کو مسلسل چوتھے دن بھی جاری رہا۔ بھاری برف کی وجہ سے جہاں وادی کا بیرون دنیا سے زمینی و فضائی رابطے بدستور منقطع ہیں وہیں معمول کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی میں کہیں ڈیڑھ سے دو فٹ تو کہیں چار سے پانچ فٹ برف جمع ہو گئی ہے۔ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں چار سے آٹھ فٹ برف جمع ہوئی ہے۔


صوبہ جموں کے مختلف بالائی علاقوں بالخصوص پیر پنچال و خطہ چناب میں بھی وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ لداخ یونین ٹریٹری کے دونوں اضلاع میں بھی برف باری ہوئی ہے۔
سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک بدھ کو مسلسل چوتھے دن بھی معطل رہا۔
ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ فضائی ٹریفک برف باری کا سلسلہ رکنے اور روشنی میں بہتری کے بعد ہی بحال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رن وے پر سے برف ہٹانے کا کام لگاتار جاری ہے۔


وادی کشمیر کو زمینی راستے سے بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر بھی گاڑیوں کی آمد و رفت مسلسل چوتھے دن معطل رہی۔


جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کہا گیا: ‘جواہر ٹنل کے نزدیک برف جمع رہنے اور مختلف مقامات جیسے سامرولی، مگرکوٹ، پانتھال، مروگ، کیفٹیریا موڈ، ڈلوس اور ناشری پر مٹی کے تودے یا پتھر گر آنے کی وجہ سے جموں – سری نگر قومی شاہراہ ٹریفک کی آوا جاہی کے لئے بند ہے’۔


سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے قابل بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی جانب جانے کی اجازت دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.