سری نگر کے ‘ویلکم ہوٹل’ میں بھیانک آگ، سیاح محفوظ

سری نگر کے ‘ویلکم ہوٹل’ میں بھیانک آگ، سیاح محفوظ

سری نگر/جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے بلیوارڈ روڈ پر شہرہ آفاق ڈل جھیل کے روبرو واقع ‘ویلکم ہوٹل’ میں منگل کو بھیانک آگ لگ گئی۔ تاہم ہوٹل میں موجود سبھی سیاحوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بلیوارڈ روڈ پر واقع ‘ویلکم ہوٹل’ میں منگل کو سہ پہر کے وقت اچانک بھیانک آگ لگی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو مطلع کیا گیا اور چند ہی منٹوں کے اندر کئی فائر ٹینڈرز جائے موقع پر پہنچ گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں، فائر اینڈ ایمرجنسی اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں نے ہوٹل میں موجود تمام سیاحوں کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ کم از کم دو گھنٹے تک جاری رہنے والی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ اور ہوٹل کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.