ہفتہ, ستمبر ۲۱, ۲۰۲۴
19 C
Srinagar

وادی کشمیر میں ”گوشت “کی قیمت کیا رہے گی ؟

حقائق جاننے کے لئے سیول سوسائٹی سرگرم ِ عمل ،رپورٹ منصفانہ بنیاد پر پیش کی جائیگی :کشمیر اکنامک الائنس

شوکت ساحل

سرینگر وادی کشمیر میں گوشت کی قیمت کو لیکر سرکار اور قصابوں کے درمیان جاری تعطل اور نئی دہلی میں قیمت پر ابہام کے بیچ حقائق جاننے کے لئے تشکیل دی گئی سیول سوسائٹی وفد بیرون جموں وکشمیر میں سرگرم ِ عمل ہے ۔وادی کشمیر میں کورونا وائرس(کووڈ۔19) لاک ڈاﺅن کے بیچ گوشت کی پرچون قیمت فی کلو600روپے مقرر کئے جانے پر زبردست ہنگامہ بپا ہوا ۔جموں وکشمیر کی انتظامیہ نے وادی کشمیر میں گوشت 480روپے اور تھوک قیمت 450روپے فی کلو مقرر کر رکھی ہے ۔ صوبائی کمشنر نے مٹن ہول سیل اور رٹیل ڈیلروں کومتنبہ کرتے ہوئے کہا تھا’ سرکارکی طرف سے طے شدہ نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں انکی لائسنس منسوخی بھی شامل ہوگی‘۔تاہم قصابوں اور کوٹھداردوں نے انتظامیہ کے فیصلے کو یکطرفہ قرار دے کر ”شٹر ڈاﺅن “ ہڑتال شروع کردی ۔حکومت ،سیول سوسائٹی اور گوشت کے کاروبار سے جڑے افراد کے درمیان مذاکرات کے کئی ادوار ہوئے ،جو بے نتیجہ رہے ۔اس بیچ 2کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔حکومت نے اپنی سطح پر گوشتکی اصل قیمت جانے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ،جو گزشتہ کئی روز سے جموں وکشمیر سے باہر مختلف ریاستوں بشمول دارالحکومت دہلی میں خیمہ زن ہے ۔ادھر ایک آزادانہ کمیٹی سیول سوسائٹی کے اراکین پر مشتمل تشکیل دی گئی،تاہم آزادانہ رپورٹنگ کے لئے صحافیوں کا علیحدہ گروپ بھی دہلی میں گزشتہ دو روز سے خیمہ زن ہے ۔اس کمیٹی کے ممبران اتوار کو دہلی پہنچے ،جہاں انہوں نے گوشت کی اصل قیمت جانے کے لئے اپنی سرگرمیاں شروع کردیں ۔مذکورہ سیو ل سوسائٹی کے اراکین نے دارالحکومت دہلی کی مختلف مویشی منڈیوں ،سلٹر ہاﺅس ،مٹن ہو ل وپر چون ڈیلروں کی منڈیوں کا دورہ کیا اور وہاں کے مٹن ڈیلروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔سیو ل سوسائٹی اراکین میں محمد رجب کوچھے ،عبوری صدر (کے ٹی ایم ایف ) ، شاہد حسین ،جنرل سیکریٹری (کے ٹی ایم ایف بقال )،حاجی نثار ،سینئر لیڈر کشمیر اکنامک الائنس اورارشد احمد بٹ ،سیکریٹری کنٹریکٹرس کاڈی نیشن کمیٹی شامل ہیں ۔صدر بازار کے قصاب پورہ نئی دہلی کے ایک مٹن ڈیلر محمد انور نے کہا ایشین میل سے بات کرتے ہوئے’ گوشت کی قیمت دہلی میں مقرر نہیں ہے ،یہاں اس وقت500سے لیکر550روپے فی کلو پرچون کی قیمت ہے ، قیمت اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے ،دسمبر میں بہاﺅ زیادہ ہوتا ہے ‘۔قصاب پورہ دہلی ۔6کے ایک اور مٹن ڈیلر حاجی پپو نے بتایا’اس وقت گوشت کی قیمت 470سے لیکر480روپے فی کلو ہے ‘۔ان کا کہناتھا’گوشت کی قیمت میں اتور چڑھاﺅ ہوتا رہتا ہے ،ستمبر سے مارچ تک گوشت کی کافی مانگ ہوتی ہے ،جس کی وجہ سے قیمت میں بھی اضافہ ہوتا ہے ‘۔انہوں نے کہا ’کووڈ۔19میں برآمد گی ودر آمدگی میں کمی رہی ،جسکی وجہ سے دہلی میں گوشت کی قیمت بہت کم رہی ،مان لیجا ئے اس وقت470ہے اُس وقت70روپے قیمت کم تھی ‘۔ ‘۔کشمیر اکنامک الائنس کے ’کو۔چیئرمین ‘ فاروق احمد ڈار نے کہا ’ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا ،ہم نے دہلی میں کئی منڈیوں ،سلٹر ہاﺅس اور تھوک وپرچون ڈیلران کیساتھ ملاقاتیں کیں ‘۔ان کا کہناتھا ’دہلی میں بھی گوشت کی قیمت کو لیکر ابہام برقرار ہے ،کیوں کہ گوشت کی قیمت ماہ دسمبر میں کچھ اور جبکہ ماہ اپریل میں کچھ اور ہوتی ہے ‘۔ان کا کہناتھا ’ہم کم از کم سات روزہ دورے پر ہیں ،ہم نے دہلی کے علاوہ ہریانہ اورراجستھان کا بھی دورہ کرنا ہے ‘۔فاروق احمد ڈار نے کہا ’سیول سوسائٹی نے صحیح صور ت ِحال کا جائزہ لینے کے بعد ایک رپورٹ مرتب کرے گی اور وہ رپورٹ لیفٹیننٹ گور نر منوج سنہا کی انتظامیہ کو پیش کی جائیگی ‘۔عام لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت گوشت کی قیمت کنٹرول کرنے کے لئے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہناتھا کہ سرکار کو طے شدہ قیمت کو زمینی سطح پر لاگو کرنے کے عمل کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صوبائی کمشنر پی کے پولے کی صدارت میں” قیمت طے کرنے والی کمیٹی“ کی5برس بعد منعقدہ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ لیا گیا کہ وادی میں گوشت کی پرچون قیمت 480روپے فی کلو مقرر کی ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img