اگر کلچرل فورم ژکر پٹن کی طرف سے ٹنگمرگ میں جشن چلہ کلان کا اہتمام

سری نگر/ساگر کلچرل فورم ژکر پٹن کی طرف سے پیر کے روز سردیوں کے بادشاہ ’چلہ کلان‘ کے پہلے دن سیاحتی مقام ٹنگمرگ میں ’جشن چلہ کلان‘ منایا گیا۔
جشن میں وادی کے معروف فنکاروں نے مختلف ایٹم پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا اور وادی کشمیر کی شاندار ثقافت کے موضوع پر شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔
اس پروگرام کی صدارت معروف شاعر بشیر زوگیاری نے کی جبکہ معروف شاعر و قلم کار سید اختر حسین منصور مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔
اس موقع پر صوفی شاعر خواجہ غلام محمد مقبول کی تصنیف ’عشقہ وتھ‘ کی بھی رسم رونمائی انجام دی گئی۔
فورم کے صدر ساگر نظیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ چلہ کلان کی آمد کے سلسلے میں جشن منانا اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیر میں ابھی ایسے لوگ موجود ہیں جو اپنے تہذیب اور ثقافت کے فروغ و تحفظ کے لئے مصروف جد و جہد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح کشمیری زبان ہماری شناخت ہے اسی طرح ہماری بسیار ایسی روایات ہیں جن سے دنیا بھر میں ہماری ایک منفرد شناخت و پہچان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہر کسی کشمیری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے کلچر کے تحفظ کے لئے حسب استعداد اپنا رول ادا کرے۔
جشن کے آخر میں ایک مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں وادی کے دور دراز علاقوں سے آئے شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔
مشاعرے کی صدارت محی الدین بیتاب نے کی جبکہ غلام نبی دلنواز مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔
مشاعرے میں جن شعرا نے اپنا کلام پیش کیا ان میں ساگر نظیر، مبارک لون، جاناں الطاف، علی کاظمی، شبیر مقبول حاجنی،ملک فاروق احمد، توصیف رضا، گلشن وارثی کوچکی، ساقی ارشاد، منیب احمد، بشیر زوگیاری، غلام محمد دلنواز، محی الدین بیتاب، منظور احمد، منظور یوسف، اختر منصور خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔
یو این آئی 

Leave a Reply

Your email address will not be published.