کشمیر: برف و باراں کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ

کشمیر: برف و باراں کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ
سری نگر/ وادی کشمیر میں بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد محکمہ موسمیات نے جمعرات کی دوپہرسے موسم بہتر ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔

وادی کشمیر کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ کے علاوہ پہلگام اور سونہ مرگ میں گذشتہ شب تازہ برف باری ہوئی۔سیاحتی مقام گلمرگ میں برف باری سے وہاں موجود سیاحوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔


وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ جمعرات کو دوسرے روز بھی ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہے تاہم وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ ناساز موسمی حالات کے باوجود بھی کھلی ہے۔

متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی دوپہر تک موسم کی یہی صورتحال جاری رہے گی تاہم اس کے بعد موسم میں بہتری واقع ہونے کی توقع ہے۔
وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بدھ کے روز موسم مجموعی طور پر خشک ہی رہا اور مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں قدرے کمی محسوس کی گئی۔

متعلقہ محکمہ کے مطابق گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.1 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں سال گذشتہ کے ماہ نومبر کے اوائل میں ہی بھاری برف باری ہوئی تھی جس کی وجہ سے یہاں عوام کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑا تھا نیز کسان طبقے کو بے تحاشا نقصان ہوا تھا۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.