منگل, جولائی ۸, ۲۰۲۵
23.2 C
Srinagar

جموں و کشمیر میں گرو نانک دیوجی کا 551 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا

سری نگر،/وادی کشمیر میں پیر کے روز سکھ مذہب کے بانی گرو نانک دیوجی کا 551 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔

وادی میں پیر کی صبح سخت سردی کے باوجود سکھ برادری کے لوگوں، جو نئے کپڑے زیب تن کئے ہوئے تھے، کا گردواروں اور دوسری مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔

سری نگر میں سب سے بڑی تقریب بالائی شہر کے برزلہ علاقے میں واقع گردوارہ میں منعقد ہوئی۔ سکھ عقیدتمندوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے پیر کی صبح سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کی۔ اس موقع پر سکھ عقیدتمندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

بتادیں کہ وادی کشمیر میں گرو نانک دیوجی کے جنم دن کی سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوتی تھی لیکن یہاں مرمتی کام جاری رہنے کی وجہ سے امسال سب سے بڑی تقریب برزلہ میں منعقد کی گئی۔

چھٹی پادشاہی گردوارہ ایک تاریخی جگہ پر قائم ہے جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی (رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر قریب میں ہی واقع ہیں۔

چھٹی پادشاہی گردوارہ میں مرمتی کام جاری رہنے کے باوجود عقیدتمندوں نے یہاں حاضری دی اور دعائیں و منتیں مانگیں۔

برزلہ گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، بڈگام، صنعت نگر اور وادی کے دوسرے مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔

خصوصی تقریبات کا انعقاد جنوبی کشمیرکے بجبہاڑہ اور مٹن میں ہوا جہاں گرو نانک دیوجی نے لداخ کے راستے چین جانے سے قبل کچھ وقت کے لئے قیام کیا تھا۔

بتایا جا رہا ہے کہ چین جانے سے قبل گرو جی کچھ وقت کے لئے لیہہ میں بھی رکے تھے جہاں بعد میں ایک گردوارہ تعمیر کیا گیا تھا۔

کشمیری مسلمان اور کشمیر پنڈت سکھوں کو گرو نانک دیوجی کے 551 ویں جنم دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے۔

خطہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی گرو نانک دیوجی کا جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔

شری گرو نانک دیوجی گردوارہ چاند نگر جموں سمیت شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ خطہ کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں میں ضلعی گردوارہ پربندھک کمیٹیوں کی جانب سے صوبہ جموں کے سبھی گردواروں میں ‘گور پورب’ کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

اس سلسلے میں سب بڑی تقریب جموں کے بی بی چاند کور گردوارہ میں منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کر کے گردوارہ میں ماتھا ٹیکا نیز کورونا وائرس سے نجات اور جموں و کشمیر میں امن و امان کے لئے دعائیں مانگیں۔

اس موقع پر راگی جتھوں نے بھجن کرتن کر کے عقیدتمندوں کو محظوظ کیا۔ جبکہ مقررین نے گرو نانک دیو کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گورو نانک دیو جی ایک عظیم سنت تھے اور ان کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔

انہوں نے ملک میں آپسی بھائی چارے اور باہمی روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے گرو نانک دیوجی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ اس موقع پر خصوصی لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سکھ مذہب کے بانی گرو نانک دیو جی کا جنم غیر منقسم ہندوستان کے لاہور کے تلونڈی (ننکانہ صاحب) میں 15 اپریل 1469 کو ہوا اور وفات 22 دسمبر 1539 کو شہر کرتار پور میں ہوئی۔ گورونانک دیو جی سکھ مذہب کے بانی اورپہلے گرو ہیں۔

دریں اثنا سکھ مذہب کے بانی شری گرو نانک دیو جی کے جنم دن پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔

اپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گرو نانک دیو جی کے پاکیزہ اصول، ایماندارانہ زندگی اور بے لوث خدمت بغیر امتیاز کے ایک ہم آہنگ معاشرے کے قیام کا بنیادی جز ہیں۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گرو جی کی زندگی اور ان کا پیار و محبت، مساوات، امن اور بھائی چارہ کا پیغام آج بھی انسانیت کی رہنمائی کرتا ہے۔

انہوں نے گرو جی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لوگوں کے درمیان محبت، سالمیت اور باہمی خیر سگالی کے روابط کو مستحکم کرنے کے لئے اُن کے بتائے ہوئے راستے پر عمل کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img