جموں /جموں و کشمیر کے الیکشن کمشنر کے کے شرما نے کہا کہ پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی آزاد ہیں اور انتخابی مہم کے سلسلے میں کہیں بھی جا سکتی ہیں۔
مسٹر شرما نے پیر کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران محبوبہ مفتی کی حالیہ مبینہ نظر بندی کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا: ‘جہاں تک محبوبہ مفتی کے دورہ پلوامہ کی بات ہے میں نے اس کی اطلاع ملتے ہی آئی جی پی کشمیر سے رپورٹ مانگی۔ میں نے اس رپورٹ کو دیکھا اور اس پر بحث بھی ہوئی’۔
انہوں نے کہا: ‘محترمہ مفتی جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ ہیں۔ جب بھی وہ باہر جاتی ہیں انہیں پروٹکشن کی ضرورت ہے۔ جموں و کشمیر میں تمام سابق وزرائے اعلیٰ کو ایس ایس جی پروٹکشن فراہم کرتی ہے۔ ان شخصیات کی نقل و حرکت ایک پروٹوکال کے تحت ہوتی ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘محترمہ مفتی کا دورہ انتخابی مہم کا حصہ نہیں تھا۔ وہ ایک تعزیتی مجلس میں جانا چاہتی تھیں۔ وہ جگہ سری نگر سے چالیس سے پچاس کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ جب سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا تو پایا گیا کہ ان کا وہاں جانا ٹھیک نہیں تھا۔ اس لئے ان کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ وہاں نہ جائیں۔ بصورت دیگر وہ آزاد ہیں۔ بحیثیت پارٹی قائد انتخابی مہم کے سلسلے میں کہیں بھی جا سکتی ہیں’۔
کے کے شرما نے کہا کہ وادی کشمیر میں ہر ایک انتخابی امیدوار کو ضرورت کے حساب سے سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘آج صبح میں نے آئی جی پی کشمیر سے بات کی۔ میں نے ان سے کہا کہ کشمیر میں جتنے بھی سرپنچ اور پنچ منتخب ہوئے ہیں ان کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔ امیدواروں یا نمائندوں کو لوگوں سے دور رکھنا حکومت کا ہدف نہیں ہے۔ وہ چنے گئے ہیں اور اپنا کام چلائیں گے۔ اگر انہیں سکیورٹی تھرٹ ہے تو اس صورت میں ان کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں’۔
الیکشن کمشنر نے کہا کہ سکیورٹی کی فراہمی کے حوالے سے زیادہ شکایتیں موصول نہیں ہوئی ہیں اور جو شکایتیں موصول ہوئی ہیں ان کا تصفیہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘میں نے آج پھر سے صوبائی کمشنر کشمیر اور آئی جی پی کشمیر کے ساتھ میٹنگ کی۔ سکیورٹی کی فراہم کے حوالے سے زیادہ شکایتیں نہیں آئی ہیں۔ ایک دو شکایتیں میرے واٹس ایپ نمبر پر بھیجی گئی تھیں جن کو میں نے آئی جی پی کو فارورڈ کر دیا ہے۔ لیکن بڑے سیاسی لیڈران کی طرف سے کسی مخصوص امیدوار یا امیدواروں کے بارے میں کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہر ایک امیدوار سے کہا جاتا ہے کہ جب آپ اپنے علاقے میں جائیں تو پہلے پولیس کو مطلع کریں تاکہ ان کے دورے کے لئے حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ جہاں جہاں لاء اینڈ آڈر کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے وہاں پر امیدوار کے لئے مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ سبھی امیداروں کو انتخابی مہم چلانے کے دوران سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انتخابی مہم کے لئے ایک ٹائم ٹیبل ہے’۔
یو این آئی