منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
8.2 C
Srinagar

امریکہ کی چار ریاستوں میں آزمائشی بنیاد پر کرونا ویکسین کی ڈلیوری شروع

امریکہ کی ریاست ٹیکساس، نیو میکسیکو، رہوڈی آئی لینڈ اور ٹینیسی میں فائزر کمپنی کی تیار کردہ ویکسین آزمائشی بنیاد پر مریضوں کو دی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ویکسین کے نتائج کے بعد اسے امریکہ کی دیگر ریاستوں اور دنیا کے مختلف ملکوں میں تقسیم کیا جائے گا۔


فائل فوٹو

پاکستان: مزید 34 مریض ہلاک، 2000 سے زیادہ کیسز رپورٹ

پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے شکار 34 مریض دم توڑ گئے جب کہ 2050 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 29 ہزار 378 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ عالمی وبا کے شکار مزید ایک ہزار دس مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کے زیرِ علاج 1447 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر عالمی وبا سے 7193 افراد ہلاک اور تین لاکھ 61 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح گزشتہ روز چھ اعشاریہ نو فی صد رہی۔

11:31

فائزر کی ویکسین امریکہ کی چار ریاستوں میں تقسیم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی دوا ساز کمپنی فائزر نے آزمائشی بنیاد پر اپنی تیار کردہ ویکسین کی تقسیم شروع کر دی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ ویکسین امریکہ کی چار ریاستوں میں تقسیم کی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق کرونا وائرس کی ویکسین ریاست ٹیکساس، نیو میکسیکو، رہوڈی آئی لینڈ اور ٹینیسی میں آزمائشی بنیاد پر مریضوں کو دی جائے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ویکسین کے نتائج سے پرامید ہیں جس کے بعد کرونا سے بچاؤ کی ویکسین امریکہ کی دیگر ریاستوں اور دنیا کے مختلف ملکوں میں تقسیم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ فائزر کی تیار کردہ ویکسین کے ابتدائی نتائج کے مطابق یہ کرونا ویکسین کی روک تھام کے لیے 90 فی صد مؤثر ہے جسے 70 ڈگری سیلسیس پر رکھنا ضروری ہے۔

کمپنی کو توقع ہے کہ ویکسین کے بڑے پیمانے پر جاری تجربات نومبر کے تیسرے ہفتے تک جاری رہیں گے جس کے بعد ان کے پاس دوا کے مؤثر ہونے سے متعلق اتنا ڈیٹا موجود ہو گا جس کی بنیاد پر ویکسین کی ہنگامی بنیاد پر استعمال کی اجازت کی درخواست دی جائے گی۔

یاد رہے کہ فائزر اور اس کی پارٹنر کمپنی بائیو ٹیک نے امریکہ کی حکومت سے ایک ارب 95 کروڑ ڈالر کے عوض 10 کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کا معاہدہ کر رکھا ہے۔

فائزر نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اس کی تیار کردہ ویکسین 90 فی صد تک مؤثر ہے جب کہ موڈرنا نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ اس کی تیار کردہ ویکسین 94 اعشاریہ پانچ فیصد تک کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کارآمد ہے۔

دونوں کمپنیوں کی تیاری کردہ ویکسین میں ایک نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا گیا ہے جسے سینتھیٹک میسینجر (آر این اے) کہا جاتا ہے جو وائرس کے خلاف قوتِ مدافعت کو متحرک کرنے کا کام انجام دیتی ہے۔

10:49

کرونا وائرس کی مؤثر ویکسین تیار کر لی، موڈرنا بائیو ٹیک کا اعلان

امریکہ کی ایک اور دوا ساز کمپنی موڈرنا نے اعلان کیا کہ کرونا وائرس کے خلاف اس کی بنائی گئی ویکسین انسانی تجربات میں 94 اعشاریہ پانچ فی صد تک مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

اس سے پہلے فائزر نے ایک ہفتہ قبل اعلان کیا تھا کہ اس کی تیار کردہ ویکسین بھی کرونا وائرس کے خلاف تجربات میں مؤثر رہی ہے۔

کرونا وائرس کے خلاف جاری کوششوں میں یہ دونوں اطلاعات ایسے وقت میں امید افزا خبریں بن کر سامنے آئی ہیں جب کووڈ نائنٹین کا موذی مرض پوری دنیا میں پھر سے تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے ہونے والی اموات کی شرح آٹھ ہزار یومیہ تک جا پہنچی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق اب یہ دونوں کمپنیاں امریکہ میں ہنگامی صورت میں ویکسین استعمال کرنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

مزید پڑھیے

10:46

کرونا وائرس: امریکی یونیورسٹیوں میں انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس میں نمایاں کمی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث امریکہ کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں بین الاقوامی طالب علموں کے داخلوں کی شرح میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ڈرامائی کمی واقع ہوئی ہے۔ یہ سلسلہ گزشتہ تین سال سے جاری ہے، جس کی وجہ اخراجات میں اضافہ، ویزے کی پابندیاں اور اس سے متعلق مسائل شامل ہیں۔

امریکہ میں نئے تعلیمی سال کا آغاز تین مہینے پہلے ہو گیا تھا، لیکن اس دوران کرونا وائرس کے باعث بین الاقوامی طالب علموں کے داخلے کی شرح میں 43 فی صد کمی واقع ہوئی ہے جو تقریباً 40 ہزار طالب علم بنتی ہے۔

غیر ملکی طالب علموں کے متعلق یہ اعداد و شمار ایک گروپ نے مرتب کیے ہیں، جس کے لیے فنڈز امریکہ کا محکمۂ خارجہ فراہم کرتا ہے اور اس کی بنیاد پر بین الاقوامی طالب علموں کو تعلیمی ویزے جاری کیے جاتے ہیں اور تعلیمی اور معلوماتی دوروں کا بندوبست کیا جاتا ہے۔

بشکریہ :وی او وی اردو

Popular Categories

spot_imgspot_img