سری نگر، 4 مئی/شمالی کشمیر میں ضلع کپوارہ کے کرالہ گنڈ ہندوارہ میں پیر کی شام جنگجوئوں کے حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے تین اہلکار جاں بحق ہوئے۔ جائے وقوع پر جسمانی طور پر معذور ایک کمسن لڑکے کی لاش بھی برآمد ہوئی ہے۔
سری نگر میں مقیم سی آر پی ایف کے ترجمان پنکج سنگھ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ جنگجوئوں نے کرالہ گنڈ ہندوارہ میں سی آر پی ایف کی ایک ناکہ پارٹی پر اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ہمارے تین جوان جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے مزید کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے۔
مہلوک اہلکاروں کی شناخت 92 بٹالین سی آر پی ایف سے وابستہ کانسٹیبل سنتوش مشرا، کانسٹیبل چندرا شیکھر اور کانسٹیبل اشونی کمار یادیو کے بطور ہوئی ہے۔
جائے وقوع پر جس معذدور بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے اس کی شناخت ساتویں جماعت کے طالب حمزہ شفیع بٹ ساکنہ کھرپورہ کے طور پر ہوئی ہے۔
بتادیں کہ ہندوارہ میں ہی گذشتہ روز ایک جنگجو مخالف آپریشن کے دوران دو فوجی افسروں اور جموں وکشمیر پولیس کے ایک سب انسپکٹر سمیت پانچ سیکورٹی فورسز اہلکار اور دو جنگجو ہلاک ہوئے۔
مہلوکین میں فوج کی 21 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے کمانڈنگ آفیسر (کرنل) آشوتوش شرما، میجر انوج سود، نائیک راجیش کمار، لانس نائیک دنیش سنگھ اور جموں وکشمیر پولیس کے سب انسپکٹر قاضی شکیل احمد شامل تھے۔ (یو این آئی)





