جموں، 29 اپریل : رینڈم سیمپلنگ کی تکمیل کے فوراً بعد جموں ضلع انتظامیہ کورونا وائرس سے متاثرہ مشتبہ لوگوں کے لئے ‘کورونا او پی ڈی رپورٹنگ’ شروع کرے گی۔
ضلع مجسٹریٹ جموں سشما چوہان نے یو این آئی کو بتایا: ‘ہماری توجہ ان مریضوں پر مرکوز ہے جن میں اس وائرس کی علامات پائی جاتی ہیں تاہم دوسرے مرحلے میں کووڈ او پی ڈی رپورٹنگ شروع کی جائے گی جو رینڈم سیمپلنگ کے فوراً بعد شروع کی جائے گی’۔
انہوں نے کہا کہ اس کووڈ او پی ڈی رپورٹنگ میں کوئی بھی شخص رجسٹریشن کرکے ہمارے ٹول فری نمبرات پر اپنی علامات ظاہر کرسکتا ہے۔
موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ مشتبہ کیسز کے نمونے لینے کا عمل پہلے ہی شروع ہوا ہے اور جن کے ٹیسٹ مثبت آئیں گے ان کو ہسپتال میں کورنٹائن کیا جائے گا اور جن کے منفی ٹیسٹ آئیں گے ان کو گھروں میں ہی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فی الوقت علامات ظاہر ہونے کی بنیادوں پر ہی یہ عمل جاری ہے اور نمونے ہماری موبائل گاڑی کی مدد سے جمع کئے جاتے ہیں اور رینڈم سیمپلنگ عمل میں یہ نہیں دیکھا جارہا ہے کہ آیا اس کیس میں وائرس کی علامات پائی جاتی ہیں یا نہیں۔
سشما مہتا نے کہا کہ مختلف علاقوں میں وائرس کی علامات ہونے یا نہ ہونے کے کیسز کی تلاش کے لئے مختلف طرز کی پالسیاں اپنائی جارہی ہیں تاکہ کورونا کی لہر کو روکا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ آشا ورکروں، آنگن واڑی ورکروں، محکمہ صحت، الیکشن عملے پر مشتمل قریب پانچ ہزار فیلڈ عملہ گھر گھر جانے کی اس مشق میں مصروف عمل ہے۔
موصوفہ نے کہا کہ وبا کو روکنے کے لئے ایک ہمہ گیر پالسی پر عمل کیا جارہا ہے اور تمام ضروری اقدام کو اٹھائے جارہے ہیں۔
یو این آئی ایم





