جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
13.6 C
Srinagar

کپوارہ میں ایل او سی پر شدید گولہ باری، ایک بچہ سمیت 3 عام شہری ہلاک

سری نگر، 12 اپریل :شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اتوار کو طرفین کی افواج کے درمیان گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحد کے اس پار ایک چار سالہ بچہ سمیت تین عام شہری ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے اتوار کو چار بجے کے قریب کپوارہ میں ایل او سی پر شدید فائرنگ اور مارٹر شیلنگ شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے داغے جانے والے کچھ مارٹر شیل چوکی بل اور ہندوارہ کے سرحدی علاقوں میں گر کر پھٹ گئے جس کے نتیجے میں چھ عام شہری زخمی ہوئے جن میں سے بعد ازاں ایک بچہ سمیت تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے۔

ذرائع نے بتایا کہ سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری سے چوکی بل میں کم از کم دو رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

مہلوکین کی شناخت چار سالہ ذیشان بشیر کٹاریہ ولد بشیر احمد کٹاریہ، 35 سالہ شمیمہ بیگم زوجہ محمد گلزار حجام اور 17 سالہ جاوید احمد خان ولد غلام رسول خان کے طور پر ہوئی ہے۔

دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کا بھارتی فوج نے بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کا سلسلہ کچھ وقت تک جاری رہنے کے بعد تھم گیا۔

اس دوران چوکی بل سے متعدد ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس میں ڈھانچوں کو جلتے، بھارتی فوج کو جوابی کارروائی کرتے ہوئے اور مقامی لوگوں کو فوج کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دو نوں ممالک  کے درمیان سال 1999 کے تنازعے کے بعد سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوصف طرفین کے درمیان ایل او سی پر گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ اب ایک معمول بن گیا ہے۔

طرفین کے درمیان نوک جھونک سے آر پار کے سرحدی لوگوں کو بے تحاشا جانی و مالی نقصان سے دو چار ہونا پڑرہا ہے۔ ان کا حکومت سے ان کے لئے انفرادی سطح پر بنکر تعمیر کرنے کا مطالبہ ہے.

Popular Categories

spot_imgspot_img