سرینگر/جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کی وباءمیں آئی شدت کے بیچ جمعرات کو مزید24نئے مثبت معاملے سامنے آنے سے عوامی اضطراب میں مزید اضافہ ہوا ۔سرکاری ترجمان، روہت کنسل نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبھی نئے کیسز کشمیر سے سامنے آئے ہیں ،جسکے ساتھ ہی یہاں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 184ہوگئی ۔ کشمیر نیوز سروس کے مطابق حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ جموں وکشمیر میں مزید کورونا کیسز سامنے آئے ہیں ۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 50سے زیادہ نئے کیسز جموں وکشمیر میں سامنے نئے کیسز میں 54کا تعلق کشمیر سے ہے ۔حکومت نے کہا ہے کہ آج(جمعرات) تک کووِڈ ۔19 کے 184 مثبت معاملات کی تصدیق ہوئی ہیں جن میں سے 174سر گرم معاملات ہیں جبکہ 6مریض شفایاب ہوئے اور چار کی موت واقع ہوئی ہے ۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے 184 مثبت معاملات میں سے152 کشمیر صوبے میں ہیں جبکہ 32جموں صوبے میں ہیں۔علاوہ ازیں اب تک ایسے 43,798 اَفراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا یا تو سفری پس منظر ہے یا وہ مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ اب تک8,157 اَفراد کو ہوم کورنٹین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے کورنٹین مراکز بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ478 اَفراد کو ہسپتال کورنٹین میں رکھا گیا ہے۔174کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ 25,975 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق9,010اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔بلیٹن میں مزید بتایا گیا ہے کہ اب تک 2,649نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں جن میں سے 2465 نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے اور184معاملات مثبت پائے گئے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں اور سماجی دُوری کو برقرار رکھیں۔ اُن سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ سفری تفاصیل یا مثبت معاملے کے ساتھ رابطے کو رضاکارانہ طور پر رِپورٹ کریں۔لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ پانی اور دیگر مشروبات مناسب مقدار میں پیئے اور کھانے کی اشیاءمتوازن طور استعمال کریں۔لوگوں سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے آروگیاسیتو موبائیل ایپلیکشن کا استعمال کریں جس میں بلیو ٹرتھ اور جی پی ایس کے ذریعے خطرات کے بارے میں جانکار ی ملتی ہے۔اِس ایپلکیشن کو استعمال کرنے والوں کو ضروری ہدایات بھی دی جاتی ہیں۔ اس ایپلیکیشن کو پلے سٹور اور ایف سٹور سے ڈاون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔عوام کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور ہسپتالوں کا دورہ نہ کریں اور بخار، کھانسی یا سانس لینے میں مشکل آنے کی صورت میں ہی طبی صلاح لیں ۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے ہیلپ لائین نمبرات پر صلاح و مشورہ کے لئے رابطہ قائم کریں۔اس دوران وادی کشمیر میں تیسرے مرحوم کووڈ۔19مریض کے11افراد خانہ کے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات ہیں ۔ذرائع سے معلو م ہوا ہے کہ بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے مذکو رہ مریض کے افراد خانہ اس وبا کی زد میں آگئے ہیں ۔یاد رہے کہ گنڈ جہانگیر بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے شہری نے صدر اسپتال سرینگر میں زندگی کی آخری سانس لی تھی ۔مذکورہ شہری کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ۔ذرائع کا کہناہے کہ مذکورہ شہری کی موت کے بعد پولیس نے نجی اسپتال کے خلاف غفلت برتنے پر ایف آئی آر درج کی ہے ۔اس اسپتال کو سیل کرکے قرنطینہ مرکز میں تبدیل کیا گیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ مرحوم کے سبھی اہلخانہ اور دیگر ہمسایوں کو یہی قرنطینہ میں رکھا گیا اور اُنکے نمونے جانچ کےلئے لئے گئے ۔معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کو مرحوم کے11افراد خانہ کے ٹیسٹ مثبت آئے جن میں معصوم بچے بھی شامل ہے ۔ نوڈل افسر شاہنواز بخاری نے اسکی تصدیق کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کے11افراد خانہ جن میں6خواتین بھی شامل ہیں ،کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ۔اس خبر سے حاجن علاقے میں خوف ودہشت کی لہر دوڑ گئی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ حکومتی ترجمان کی جانب سے کشمیر میں جمعرات کو 24نئے کیسز کی تصدیق ہونے کیساتھ ہی 12افراد کا تعلق بانڈی پورہ سے ہے ،جن کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ 8کا تعلق ٹنگمرگ سے ہے ۔یہ پہلا کیس نہیں کہ افراد خانہ کورونا وائر س میں مبتلاءہوئے بلکہ اس سے قبل نٹی پورہ سرینگر سے تعلق رکھنے والے متاثرہ شہری کے معصوم نواسے بھی اسکی زد میں آگئے ۔تنگمرگ کیس میں بھی ایسا ہی کچھ دیکھنے کو ملا ۔





