سرینگر وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو عالمی یوم صحت پر لوگوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے سماجی دوری بنائے رکھنے اور ڈاکٹروں، نرسوں اور صحت عملہ کے تئیں ممنونیت کا اظہار کرنے کے عزم کی یاد دلائی، ساتھ ہی کہا کہ ہندوستان اس لڑائی میں جیتے گا۔مانیٹر نگ ڈیسک کے مطابق نریندرمودی نے اپنے ٹویٹ میں کہا’ بھارت اس سے لڑے گا، پھر مسکرائے گا انڈیا اور پھر جیت جائے گا انڈیا۔۔۔‘ انہوں نے ٹویٹ کے ساتھ ’ مسکرائے گا انڈیا‘ ویڈیو بھی جاری کیا۔انہوں نے کہا ’ آج عالمی یوم صحت پر ہم نہ صرف ایک دوسرے کی اچھی صحت کی خواہش کریں بلکہ کووڈ۔ 19 کے خلاف لڑائی کی قیادت کرنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور صحت عملہ کے تئیں ممنونیت کا اظہار کرنے کے عزم کو دہرائیں‘۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس عالمی یوم صحت پر ہم سماجی دوری جیسے اقدامات پر عمل آوری کو یقینی بنا کر نہ صرف اپنی زندگی کو بلکہ دوسروں کی زندگی کو بھی محفوظ کر سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے اس موقع پر لوگوں سے سال بھر خود کے فٹنس پر دھیان دینے کو کہا تاکہ اس سے مکمل صحت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔ادھروزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق، ہندوستان میں کورونا انفیکشن سے دو چار لوگوں کی تعداد4421 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 3981 ایکٹیو کیس ہیں۔ 24 گھنٹے میں کورونا کے354 معاملے سامنے آئے ہیں۔ وہیں، 5لوگوں کی موت بھی ہوئی ہے۔ اب تک 325 افراد کورونا سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔ جبکہ کل ملا کر114 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔





