سری نگر، 6 اپریل :کورونا وائرس کے قہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے وادی کشمیر میں پیر کو مسلسل 19 ویں روز بھی مکمل اور سخت ترین لاک ڈاؤن رہا جس کے باعث معمولات زندگی درہم وبرہم ہوکر رہ گئے ہیں۔
جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز سامنے آنے میں روز افزوں ہو رہے اضافے سے لوگوں میں خوف و تشویش کی لہر بھی تیز ہورہی ہے اور انتظامیہ بھی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کو سخت سے سخت تر کررہی ہے۔
وادی کشمیر میں پیر کے روز کورونا وائرس کے تین نئے مثبت کیسز سامنے آئے جس کے ساتھ اس یونین ٹریٹری میں اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد بڑھ کر 109 ہوگئی۔ ان میں سے 103 کیسز ایکٹو ہیں جن میں سے 85 وادی اور 18 جموں میں ہیں۔ دو مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ چار متاثرین روبہ صحت ہوئے ہیں۔ دریں اثنا وادی میں پیر کے روز بھی سینکڑوں افراد، جس میں طلبا و مسافر شامل تھے، نے 14 روزہ قرنطینہ عرصہ مکمل کرکے اپنے اپنے گھر گئے۔
لاک ڈاؤن کے باعث سری نگر کے تمام علاقوں میں برابر سناٹا چھایا ہوا ہے، سڑکیں سنسان اور بازاروں میں الو بول رہے ہیں۔
…





