بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

کپوارہ میں تصادم، 5 جنگجو اور 3 فوجی اہلکار ہلاک

سری نگر،شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں لائن آف کنٹرول کے کیرن سیکٹر میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو شروع ہونے والے مسلح تصادم میں اب تک پانچ جنگجو اور تین فوجی اہلکار مارے جاچکے ہیں۔ تصادم میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے فوجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق حال میں سرحد پار سے دراندازی کرنے والے جنگجوﺅں اور فوجی اہلکاروں کے درمیان گذشتہ رات تصادم شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں پانچ جنگجو اور تین فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنگجوﺅں کے ایک گروپ نے گذشتہ روز کیرن سیکٹر میں سرحد کے اس پار داخل ہونے میں کامیابی حاصل کی تاہم فوج نے ان کی نقل وحرکت دیکھنے کے بعد وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا: ‘گذشتہ رات طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ ہمارے بھی پانچ جوان زخمی ہوئے جن میں سے تین جوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے’۔اس دوران سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ‘کپوارہ کے رنگ ڈوری بیہک میں جاری آپریشن میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو الگ الگ آپریشنوں میں 9 دہشت گرد ہلاک کئے گئے ہیں۔ کپوارہ آپریشن میں ہمارے تین جوان شہید اور دیگر دو شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے’۔ قبل ازیں سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز ضلع کولگام کے کھور بٹہ پورہ منزگام میں ایک تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ 4 مقامی جنگجوﺅں کو ہلاک کیا۔ جموں وکشمیر پولیس کا دعویٰ کیا ہے کہ جنگجوﺅں کا یہ گروپ جنوبی کشمیر میں ہونے والی حالیہ شہری ہلاکتوں میں ملوث تھا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img