سرینگر03 //اپریل///سابئیر پولیس نے سوشل میڈیا خاص کر ٹویٹر پر نقلی آفشل اکاونٹ بنانے والوں کی شناخت مکمل کرکے اُن کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ سابئیر پولیس چیف کے مطابق کئی افراد نے ٹویٹر پر انتظامیہ کے کئی آفیسران کے جعلی اکاونٹ بنائے ہیں جس وجہ سے لوگوں میں غلط فہمی پیدا ہور ہی ہیں۔خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق سرکاری ترجمان روہت کنسل نے جمعہ اعلیٰ الصبح لوگوں کو یہ جانکاری فراہم کی کہ اُن کے نام پر ٹویٹر پر کئی جعلی اکاونٹ بنائے گئے ہیں جس پر نقلی گورنمنٹ آرڈر اپ لوڈ کئے جارہے ہیں جس وجہ سے لوگوں میں غلط فہمی پیدا ہو رہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ سرکاری ترجمان کی جانب سے اُن کے نام پر جعلی ٹویٹر ہینڈل بنانے کا معاملہ سامنے آتے ہی سابئیر پولیس نے تحقیقات شروع کی اور کئی اکاونٹ ہولڈروں کا پتہ لگایا جنہوںنے سرکاری ترجمان کے نام پر ہی ٹویٹر ہینڈل بنائے ہیں۔ سائیبر پولیس کے مطابق ایسے افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملوثین کو تین سال کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔ سابئیر پولیس نے بتایا کہ سوشل میڈیا سائٹوں پر درجنوں جعلی اکاونٹ بنائے گئے ہیں جن کی شناخت ہو چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی جو جعلی سرکاری احکامات کی کاپیاں سوشل میڈیا سائٹوں پر اپ لوڈ کر رہے ہیں۔ سابئیر پولیس چیف کے مطابق پہلے ہی ہم نے کئی جعلی اکاونٹ ہولڈروں کا پتہ لگایا تاہم اس میں مزید کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سوشل میڈیا سائٹوں پر تین اقسام کے جعلی اکاونٹوں کا پتہ لگایا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایک تو کئی افراد اپنے آپ کو سرکاری آفیسر قرار دے کر جعلی سرکاری آرڈر ان ہینڈلوں پر اپ لوڈ کر رہے ہیں اور ایسے افراد کے خلاف دفعہ 416,419آئی پی سی کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دوسرے جعلسازوں نے حال کے ایام میں جموںوکشمیر میں فور جی سروس بحال کرنے کے ضمن میں جعلی سرکاری آرڈر کاپی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ۔ انہوںنے کہاکہ جب سے کورنا وائرس نے جموںوکشمیر میں دستک دی تب سے سوشل میڈیا سائٹوں پر اس وبا کے حوالے سے غلط خبریں اپ لوڈ کی جارہی ہیں جس وجہ سے لوگ ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تیسرے قسم کے جعلساز سرکاری آرڈر کاپیوں میں قلم زنی کرکے اُنہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سابئیر پولیس نے پہلے ہی اس سلسلے میں 7مقدمات درج کئے ہیں۔





