سرینگر//3 اپریل//سری نگرمیں قائم کورنٹین مراکزمیں لازمی14روزتک الگ تھلگ رہنے والے مزید488افرادبشمول مختلف بیرون ممالک میں زیرتعلیم طلباءوطالبات کوجمعہ کے روز اپنے گھروں کوجانے کی اجازت دی گئی ،اوراس طرح سے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ایسے سینٹروں سے کل 1048افرادکورُخصت کیاگیا۔معلوم ہواکہ جمعہ کے روز سری نگرمیں قائم کورنٹین مراکز سے ایسے488افرادجن میں بیرون ممالک میں زیرتعلیم طلباءو طالبات بھی شامل ہی کو14روزہ قرنطینہ مدت مکمل کرنے کے بعدرُخصت کیاگیا،اورانھیں اپنے گھروں کوجانے کی اجازت دی گئی ۔خیال رہے بیرون ممالک بشمول بنگلہ دیش سے دوہفتے پہلے کشمیرلوٹنے والے1900سے زیادہ طلاب اوردیگرلوگوں کوسری نگرہوائی اڈے سے سرکارکی جانب سے قائم قرنطینہ مراکزمیں منتقل کیاگیاتھا،تاکہ دوہفتے تک ان سبھی کی صحت پرنگاہ رکھی جائے اوراگرکسی بھی طالب علم یاکسی دوسرے شخص میں کووڈ19کے آثارپائے جائیں تواسکو فوری طورپرمخصوص صحت مراکزمیں منتقل کیاجاسکے ،نیز اُنھیں کچھ وقت تک اپنے گھروالوں اوردیگرجانکاروں ورشتہ داروں سے بھی دوررکھاجاسکے ۔ معلوم ہواکہ جمعہ کے روزجن 488طلاب کوسری نگرکے کورنٹین مراکزمیں 14دن گزارنے کے بعدگھرجانے کی اجازت دی گئی ،اُن میں سے بیشتر بنگلہ دیش میں زیرتعلیم ہیں ،اوردوہفتے پہلے وہیں سے سری نگرپہنچے تھے ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ کورنٹین مراکز سے رُخصت کئے جانے والے طلاب ودیگرلوگوں کایہ چوتھاگروپ تھاکیونکہ اسے پہلے بھی ایسے طلاب کے تین وگروپ گھرروانہ کئے گئے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسری نگرسیدمحمدحنیف بلکی نے کہاکہ جمعہ کوجن488سے زیادہ طلباءاور طالبات کوسرکاری قرنطینہ مراکز سے رُخصت کیاگیا،اُن سبھی کوایس آرٹی سی گاڑیوں میں سوارکرکے گھروں کوروانہ کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ کورنٹین مراکز سے رُخصت کئے گئے طلاب کومشورہ دیاگیاکہ وہ گھروں میں ہی رہیں ،اوردوسرے لوگوں سے دوری بنائے رکھیں ۔خیال رہے جمعرات کو324اوربدھ کے روزبھی سری نگرمیں قائم کورنٹین مراکزسے 236افرادجن میں بیشتر طالب علم تھے کورُخصت کرکے گھروں کوروانہ کیاگیاتھاجبکہ اسے پہلے 78ایسے افرادکوقرنطینہ مراکز میں 14دن گزارنے کے بعدگھروں کوجانے کی اجازت دی گئی تھی ۔انہوں نے کہاکہ اب تک کل 1126ایسے افرادبشمول طلباءاور طالبات کوکورنٹین مراکز میں لازمی 14روزتک طبی نگہداشت میں رہنے کے بعدگھروں کوجانے کی اجازت دی گئی ہے ۔معلوم ہواکہ سری نگرمیں قائم کورنٹین مراکزمیں کل1900ایسے افراداورطلاب کورکھاگیاتھا،جو مختلف ممالک میں بغرض تعلیم ،تجارت اورملازمت کیلئے مقیم ہیں،اوراب قرنطینہ مراکزمیں کل774طلاب وبیرون ممالک وریاستوں سے آئے افرادموجودہیں ۔بتایاجاتاہے کہ ایسے مراکزمیں ہنوز رکھے گئے باقی سبھی افرادکوبھی آنے والے دنوں میں باری باری رُخصت کرکے گھربھیج دیاجائیگا۔





