نئی دہلی، 2 اپریل (یو این آئی) کورونا وبا کے پیش نظر ملک میں نافذ ڈاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے وزارت داخلہ نے ریاستوں سے اس طرح کے معاملوں میں لگائے جانے والے جرمانے کے التزام کی زور و شور سے تشہیر کرنے کے لئے کہا۔
مرکزی داخلہ سکریٹری نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کورونا وائرس کے قہر کو دیکھتے ہوئے ملک بھر میں 21 دن کا لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ ریاستوں کو پہلے بھی خط لکھ کر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت لاک ڈاؤن کو سختی سے نافذ کرنے کے لئے کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سبھی ریاستوں سے ایک بار پھر کہا جارہا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کو سختی سے نافذ کریں اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اس طرح کی خلاف ورزی کے لئے لگائے جانے والے جرمانے کے التزام کی زور و شور سے تشہیر کریں۔



