سرینگر/جمیل انصاری
19مارچ2020ء
ہمدانیہ کالونی بمنہ، رکھ آرتھ اور خمینی چوک کے لوگوں نے محکمہ واٹر ورکس پر الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو روز سے انہوں نے پوری طرح سے پینے کے پانی کی سپلائی نامعلوم وجوہات کی بناء پر روک دی ہے۔لوگ ناصاف پانی پینے کے لئے مجبور ہورہے ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان علاقوں کو وترہیل بڈگام سے پینے کا پانی سپلائی ہورہا تھا اور ڈڈینہ بڈگام میں پانی کو ذخیرہ کیا جاتا تھا جہاں فلٹریشن کا کوئی انتظام نہیں ہے مگر بدقسمتی سے گزشتہ دو روز سے اس پانی کی سپلائی بھی نامعلوم وجوہات کی بناء پر روک دی گئی ہے اور عوام کو بمنہ کول نامی نہر کے گندے پانی پر ہی اکتفاء کرنا پڑتا ہے۔جس سے وبائی بیماری پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ ان علاقوں میں زیادہ تر شیعہ آبادی رہائش پزیر ہے اور چند روز میں نوروز عالم بھی آرہا ہے اور اس مقدس دن پر پینے کا صاف پانی نایاب ہے جو کہ باعث تشویش ہے۔ متعلقہ عوام نے ضلع انتظامیہ ڈویژنل کمشنر کشمیر، ڈی سی سرینگر اور متعلقہ محکمے کے زمہ داروں سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جانب خصوصی توجہ دے اور لوگوں کو جلد از جلد صاف پانی فراہم کریں تاکہ کوئی اور وبائی بیماری پھیل نہ سکے۔





