ماسكو،: اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی (یو این ایچ سی آر) نے لیبیا میں غیر قانونی تارکین وطن کے ایک مرکز پر ہوئے ہوائی حملے پر بدھ کے روز تشویش ظاہر کی ہے۔
طرابلس کی میڈیکل سروس کے نمائندے ملیك میرسیٹ نے بتایا کہ فضائی حملے میں کم از کم 40 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یو این ایچ سی آر لیبیا نے ٹوئٹر پر کہاکہ ’’یو این ایچ سی آر ضلع تاجورا میں غیر قانونی تارکین وطن کے ایک مرکز پر ہوئے ہوائی حملے کے سلسلے میں کافی فکر مند ہے جس میں بڑی تعداد میں پناہ گزین مارے گئے۔ شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہئے‘‘۔
واضح ہے کہ لیبیا کے آمرمعمر قذافی کی موت کے بعد یہ ملک دو حصوں میں تقسیم ہو گیا ہے۔ ایک حصہ پر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ فیاض سراج کی حکومت ہے جبکہ دوسرے حصے پر ليبين نیشنل آرمی (ایل این ایس) کی حکومت چل رہی ہے۔ گزشتہ اپریل میں ایل این ایس نے فیلڈ مارشل خلیفہ هفتار کی قیادت میں طرابلس کو حکومت کے کنٹرول سے چھیننے کے لئے مہم شروع کی ہے۔
اسپوتنک۔





