کشمیری زبان کے معروف مزاح نگار یوسف گلشن کی تصنیف ‘ولہ اسناوتھ’ کی رسم اجرا

کشمیری زبان کے معروف مزاح نگار یوسف گلشن کی تصنیف ‘ولہ اسناوتھ’ کی رسم اجرا

سری نگر، وادی کشمیر کے معروف مزاح نگار یوسف گلشن کی تصنیف کردہ مزاحیہ مجموعہ ‘ولہ اسناوتھ’ (آئو ہنساتا ہوں) کی رسم رونمائی منگل کے روز انجام دی گئی۔ رسم رونمائی کی تقریب ‘کرم بلند فولک تھیٹر’ نے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے اشتراک سے جموں وکشمیر اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز لال منڈی میں منعقد کی گئی۔
ناظم اطلاعات گلزار احمدشبنم جو اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے، نے نامور شعراء ظریف احمد ظریف اور ڈاکٹر شاد رمضان کی موجودگی میں اس کتاب کا اجراء کیا۔
اس موقعہ پر مقررین نے یوسف گلشن کے مزاحیہ کام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مزاحیہ ادب میں ایک منفرد مقام حاصل ہے اور اُن کی مزاحیہ نثر نگاری میں ایک الگ انداز کے کردار اور مسودے پائے جاتے ہیں۔
مقررین نے مزید کہا کہ یوسف گلشن وادی کا ایک جانا پہچانا نام ہے جو کئی دہائیوں سے ریڈیو کشمیر اور ذرائع ابلاغ کے دیگر ذرائع کی وساطت سے ایک طرف سماجی مسائل اور مختلف موضوعات کی جانب طنزیہ انداز میں لوگوں اور حکام کی توجہ مبذول کراتے آئے ہیں اور دوسری طرف لوگوں کی دلجوئی بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوسف گلشن کی یہ کتاب عام لوگوں کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے مزاح نگاروں کے لئے کافی فائدہ بخش ثابت ہوگی۔
تقریب پر عبدالاحد فرہاد، ستیش ومل، ایوب صابر، نثار نسیم کے علاوہ کئی دیگر ادیب، شعراء اور براڈ کاسٹر موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.