سری نگر/وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے گنڈ چک پورہ کنی پورہ میں جمعہ کی صبح ہوئی تصادم آرائی کی جگہ سیکورٹی فورسز اور مقامی نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کے دوران ایک نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق گنڈ چک پورہ کنی پورہ میں جمعہ کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ہوئی تصادم آرائی کے دوران نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر نمودار ہوئیں اور وہاں تعینات سیکورٹی فورسز کے ساتھ متصادم ہوئیں۔
سیکورٹی فورسز نے نوجوانوں کو تتر بتر کرنے کے لئے اشک آور گیس، پیلٹ اور گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک نوجوان گولی لگنے سے زخمی ہوا جبکہ دیگر تین نوجوان بھی معمولی طور پر زخمی ہوئے۔
گولی لگنے والے نوجوان کی شناخت شبیر احمد ولد محمد اشرف ساکنہ چک پورہ کنی پورہ کے بطور ہوئی ہے جس کو علاج ومعالجے کے لئے شری مہاراجہ ہری سنگھ سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔
دریں اثنا ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شبیر احمد کی پیٹ کے نچلے حصے میں گولی لگی ہے اور اس کی حالت ٹھیک نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے کنی پورہ نوگام علاقے میں جمعہ کی علی الصبح ہونے والے تصادم میں ایک جنگجو مارا گیا۔





