بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
6.9 C
Srinagar

آرونی بجبہاڑہ میں 11گھنٹے تک جنگجو مخالف آپریشن جاری , فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں

سرینگر/آرونی بجبہاڑہ میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اُٹھا جس دوران فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے مسلسل گیارہ گھنٹے تک علاقے میں تلاشی لی جس دوران ملی ٹینٹوں اور فورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا جس کے بعد سہ پہر چار بجے کے قریب فورسز اہلکار علاقے سے خالی ہاتھ واپس لوٹ آئے۔ ادھر جنوبی ضلع اننت ناگ کے کئی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے گھر گھر تلاشی لی جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بدھوار اعلیٰ الصبح آرونی بجبہاڑہ گاﺅں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔ نمائندے کے مطابق جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے گاﺅں کو سیل کرنا چاہا اس دوران لوگ گھروں سے باہر آئے اور اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرئے شروع کئے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے احتجاج کر رہے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا جس پر لوگ مشتعل ہوئے اور پتھراو کرنا شروع کیا۔ تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے اشک آور گیس کے گولے داغے جس کی وجہ سے آرونی بجبہاڑہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی اور بھاگنے پر مجبور ہوئے۔ نمائندے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے اضافی کمک طلب کرکے آس پاس علاقوں میں بھی پہرے بٹھا دئے اور تلاشی کارروائی شروع کی۔ معلوم ہوا ہے کہ قریباًگیارہ گھنٹے تک سیکورٹی فورسز نے آرونی بجبہاڑہ کا کونا کونا چھان مارا تاہم اس دوران عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا جس کے بعد سہ پہر چار بجے کے بعد تلاشی آپریشن کو ختم کیا گیا جس کے بعد فورسز اہلکار واپس بارکوں کی اور واپس لوٹ آئے۔ تلاشی آپریشن کے باعث آرونی بجبہاڑہ میں معمولات کی زندگی متاثر رہی جبکہ علاقے میں سیول کرفیو کے مناظر دیکھنے کوملے۔ ادھر جنوبی ضلع اننت ناگ کے اچھ بل اور دوسرے علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی لی جس دوران لوگوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے چار علاقوں کو محاصرے میں لے کر کئی گھنٹوں تک تلاشی لی تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔دفاعی ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پچھلے ایک ہفتے سے سیکورٹی فورسز کو تصادم آرائیوں کے دوران کئی اہم کامیابیاں ملی ہیں جس دوران جیش سے وابستہ اعلیٰ کمانڈر کو بھی مار گرایا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف جنگجو مخالف آپریشن جاری رہیں گے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img