ایشین میل نیوز ڈیسک
جموں::جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے مینڈھر سیکٹر میں بدھ کو ہونے والے ایک پراسرار دھماکے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو زخمی ہوگئے۔
یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب فوجی اہلکاروں کی ایک ٹیم علاقہ میں گشت کررہی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی فوجی اہلکار مینڈھر سیکٹر میں ڈھیری ڈبسی نامی جگہ پر پہنچے تو وہاں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔
ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا کہ دھماکے کی اصل وجہ جاننے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو بہتر علاج ومعالجہ کے لئے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دریں اثنا فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ مینڈھر سیکٹر میں بدھ کی صبح قریب نو بجکر 15 منٹ پر تربیتی عمل کے دوران ایک فوجی اہلکار شدید طور پر زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ‘مزید دو زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے ملٹری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم ہے’۔
یو این آئی ظ ح ب





