بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
14.4 C
Srinagar

بھدرواہ میں نافذ کرفیو میں نرمی

ایشین میل نیوز ڈیسک

بھدرواہ : پہاڑی ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ قصبہ میں سوموار کو انتظامیہ نے کرفیو میں نرمی لائی ،جس دوران لوگوں نے بازاروں کا رُخ کرکے ضروری چیزوں کی خریداری کی ۔یہاں ایک پچاس سالہ شہری کی نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت پر پھوٹ پڑے مظاہروں کے بعد گذشتہ جمعرات کو کرفیو نافذ کیا گیا تھا ۔

حکام کا کہنا ہے کہ قصبہ بھدرواہ میں حالات پوری طرح سے قابو میں ہے اور سوموار کی صبح 10بجے سے لیکرسہ پہر3بجے کرفیو میں نرمی لائی گئی ہے اور اگر حالات پرامن رہے تو اس میں مزید نرمی لائی جائیگی ۔

ان کا کہناتھا کہ پورے قصبہ سے کرفیو مکمل طور ہٹایا گیا ہے ،تاہم امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کےلئے حکم امتناعی کے احکامات بدستور نافذ رہیں گے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ،ڈاکٹر ساگر دتتا رے نے پہلے سوموار کی صبح 10سے صبح11بجے تک کرفیو میں نرمی لانے کے احکامات صادر کئے گئے جبکہ بعد ازاں یہ مدت سہ پہر 3بجے تک کردی گئی ۔

اطلاعات کے مطابق قصبہ میں حالات پرامن ہیں اور کہیں سے کوئی نا خوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔یاد رہے کہ نعیم شاہ نامی شہری کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو نامعلوم بندوق برادوں نے گولیاں چلاکر ابدی نیند سلا دیا تھا ۔یہ واقعہ نالتھی بھدرواہ میں پیش آیا تھا ۔

اس ہلاکت خیز واقعہ کے بعد بھدرواہ پُر تشدد احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے ،جن پر قابو پانے کےلئے انتظامیہ نے پورے قصبے میں کرفیو نافذ کیا تھا ۔انتظامیہ اب مرحلہ وار بنیادوں پر قصبہ سے کرفیو ہٹا رہی ہے ۔

پولیس نے نعیم شاہ ،کی ہلاکت کے سلسلے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی ) تشکیل دی ہے جبکہ واقعہ کی نسبت ضلع مجسٹریٹ مجسٹریل نکوائری کے احکامات بھی صادر کئے ۔ایک ہفتہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔

کرفیو میں نرمی کیساتھ ہی لوگوں نے بازاروں کا رخ کیا اور ضروری چیزوں کی خریداری کی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img