كھرگون، مسٹر نریندر مودی نے آج لوک سبھا کی انتخابی مہم کے اپنےآخری جلسےمیں مخالفین کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آنے والے پانچ سال اب وہ ملک کے بڑے حصے کو درپیش پانی کے مسئلے کو دور کرنے کی سمت میں کام کریں گے۔
مسٹر مودی نے مدھیہ پردیش کے كھرگون میں پارٹی امیدوار گجیندر پٹیل کی حمایت میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پانچ سال کے اپنے دور میں کئے گئے کاموں کی تفصیلات بھی بتلائیں۔ انہوں نے اس ضمن میں مرکزی حکومت کےمختلف منصوبوں اور اس سے ملک کو ملنے والے فائدےکا ذکر کیا۔ اسی سلسلے میں انہوں نے کہا کہ وہ آنے والے پانچ سال میں پانی کےمسئلے پر کام کریں گے۔
انہوں نے نامور سماجی مفکر رام منوہر لوہیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہائیوں پہلے خواتین کے دو مسائل پانی اور قضائے حاجت کو سب سے بڑا چیلنج بتایا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آنجہانی لوہیا یہ بات بار بار آنجہانی پنڈت جواہر لال نہرو کے سامنے بھی بولتے تھے، مگر انہوں نے نہیں سنی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ پانچ سال میں آنجہانی لوہیا کا خواب پورا کرنے کے لئے بیت الخلا بنانے کی مہم چلائی اور اب آنے والے پانچ سال وہ پانی کے لئے لگانے والے ہیں۔
آدی واسیوں کی اکثریت والی اس سیٹ پر مسٹر مودی نے کانگریس پر قبائلیوں کو ورغلانے کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے قبائلیوں کی فلاح و بہبود کا راستہ بتانے کے لئے ایک کتاب بھی لکھی ہے اور وہ قبائلیوں کی کمائی، آبپاشی، دوائی اور سنوائی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے قبائلی لیڈر شہید بھیما نایک کو بھی یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی پیشرو بی جے پی حکومت نے شہید بھیمانایک کی یاد میں میموریل بنوایا۔ كھرگون پارلیمانی حلقہ پر 19 مئی کو پولنگ ہونے والی ہے۔ یہاں بی جے پی کے مسٹر پٹیل کا مقابلہ کانگریس کے ڈاکٹر گووند مجالدا سے ہے۔
(یواین آئی)





