80کروڑ روپے کےلئے حکومت نے سرینگر میں سی آر پی ایف کو 60کنال سرکاری اراضی99برس کےلئے لیز پر دی

80کروڑ روپے کےلئے حکومت نے سرینگر میں سی آر پی ایف کو 60کنال سرکاری اراضی99برس کےلئے لیز پر دی

ایشین میل نیوز ڈیسک

سرینگر :: جموں وکشمیر کی حکومت نے دارالحکومت سرینگر کے مضافات میں واقع 60کنال سرکاری اراضی مبینہ طور پر مرکزی پولیس فورس (سی آر پی ایف ) کو آئندہ99برس کےلئے لیز پر دی ہے ،جسکے عوض مذکورہ پولیس فورس ریاستی سرکار کو معاوضہ کے بطور80کروڑ روپے ادا کرے گی ۔

وادی سے شائع ہونے والے ایک انگریزی روزنامہ (کشمیر ریڈر) نے اپنی ایک چونکا دینے والی رپورٹ میں اس کا خلاصہ کیا ہے ۔اس رپورٹ کے مطابق بدھ کو ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ، نے ایک حکمنامہ صادر کیا۔

اس حکمنامہ کے تحت دارالحکومت سرینگر کے مضافاتی علاقہ زکورہ میں واقع 7.5ایکڑاراضی یعنی60کنال سرکاری اراضی جوکہ جموں کشمیر محکمہ ہاٹیکلچر پروڈوس مارکیٹنگ کار پوریشن (جے کے ایچ پی ایم سی)کی ہے ،کو جمعہ کی صبح11بجکر30منٹ پر مرکزی پولیس فورسز (سی آر پی ایف ) کے سپرد کرنی ہوگی ۔

اس حکمنامہ کے مطابق مذکورہ اراضی کو فورسز کی تحویل میں دینے  کی منظوری محکمہ مال نے رواں برس 6مارچ کو دی ہے ۔اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس حکمنامہ کے مطابق یہ اراضی مرکزی پولیس فورس کو( لیز؍منتقلی) کی بنیاد پر اگلے99برس کےلئے سپرد کی جارہی ہے ،تاکہ یہاں بٹالین کیمپ قائم کیا جاسکے ۔اس اراضی کو لیز پر لینے کے عوض مرکزی پولیس فورس (سی آر پی ایف ) 79,66,40,000روپے معاوضہ کے بطور ادا کرے گی ۔

ضلع ترقیاتی کمشنر کے حکمنامہ کے مطابق آئی جی ،سی آر پی ایف سرینگر کو کہا گیا ہے کہ وہ اس اراضی کی حد بندی کریں اور8مئی کو اپنی تحویل میں لےں۔اخبارکی رپورٹ کے مطابق محکمہ ہاٹیکلچر پروڈوس مارکیٹنگ کار پوریشن (جے کے ایچ پی ایم سی)کے حکام کا کہنا ہے کہ زکورہ میں مذکورہ اراضی گذشتہ تین دہائیوں سے سی آر پی ایف کی تحویل میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ مال نے رواں برس مارچ میں ایک آرڈر کے تحت اس اراضی کی منتقلی کو یقینی بنائیں ،جس کو ریاستی انتظامی کونسل کی منظوری بھی حاصل تھی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.