منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
9.1 C
Srinagar

پٹن :جاں بحق نوجوان سپرد لحد ،بندشیں عائد ،انٹر نیٹ کہیں مکمل طور بند ،کہیں رفتار کم

کئی اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات صادر

 

ایشین میل نیوز ڈیسک

 

پٹن ،سرینگر : سمبل بانڈی پورہ واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران شمالی قصبہ پٹن سے تعلق رکھنے والا زخمی نوجوان بدھ رات دیر گئے اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گیا ،جسکی تجہیز وتکفین آبائی گاﺅں واقع چھانہ بل پٹن میں کی گئی ۔

اطلاعات کے مطابق جاں بحق 23سالہ ارشد احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکنہ چھانہ بل پٹن کی آخری رسومات رات کی تاریکی میں ہی انجام دی گئیں ۔معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق نوجوان کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات قریب 2بجکر45منٹ پر آبائی گاﺅں میں پرنم آنکھوں آنکھوں کےساتھ سپرد لحد کیا گیا ۔جاں بحق نوجوان کے جنازے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

ادھر زخمی نوجوان کی اسپتال میں موت واقع ہونے کے ساتھ ہی انتظامیہ نے احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر کئی علاقوں میں بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ لیا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کرفیو جیسی بندشیں بارہمولہ اور بانڈی پورہ کے حساس علاقوں کے علاوہ میر گنڈ ،ہانجی ویرا اور چھانہ بل دیہات میں عائد کی گئیں ۔

حکام کے مطابق احتیاطی اقدامات کے تحت میر گنڈ ،ہانجی ویرااور چھانہ بل میں بند شیں عائد رہیں گی جبکہ سمبل تحصیل کے اندر کوٹ ،شادی پورہ ،پانزی نارہ ،شلوت اور دیگر کئی دیہی علاقوں میں جمعرات کو ہائر اسکنڈری اسکول اور کالج بند رہیں گے ۔تاہم ایمرجنسی نقل وحرکت کو بندشوں سے مستثنیٰ رکھا گیا ۔

اس کے علاوہ جن اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جمعرات کو درس وتدریس کا عمل معطل رہے گا ،اُن میں گورنمنٹ ڈگری کالج گاندربل ،گورنمنٹ ڈگری کالج بائز ووومن کپوارہ ،گورنمنٹ ڈگری کالج بائز ہندوارہ ،سوگام ،گورنمنٹ ہائر اسکینڈری بائز وگرلز ہندوارہ ،گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول بائز لنگیٹ وکپوارہ ،گونمنٹ ڈگری کالج سوپور ،گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول نائز وگرلز سوپور اور گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول کھوئی ،ڈانگرپورہ شامل ہے ۔

ادھر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سرینگر میں بھی بیشتر اعلیٰ تعلیمی ادارے بدھ کی طرح جمعرات کو بھی احتیاطی اقدامات کے تحت بند رہیں گے ۔اس دوران دارالحکومت سرینگر سمیت وادی بھر میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات کو کہیں مکمل طور پر بند کیا گیا کہیں اسکی رفتار کم کردی گئی ۔

حکام کا کہنا ہے کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو بند رکھنے اور بعض حساس علاقوں میں بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ احتیاطی اقدامات کے تحت لیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ احتیاطی اقدامات امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر عوام کے جان ومال کی حفاظت کےلئے لازمی ہیں ۔

یاد رہے کہ ارشداحمد گذشتہ دنوں بانڈی پورہ واقعہ پر پھوٹ پڑے احتجاجی مظاہروں کے شدید زخمی ہوا تھا ۔اُسے علاج ومعالجہ کےلئے جے وی سی بمنہ میں داخل کیا گیا ،جہاں سے اُسے بہتر علاج ومعالجہ کی خاطر صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیا گیا تھا ۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ارشد کو کئی طرح کی شدید چوٹیں آئیں تھیں ۔ان کا کہنا ہے کہ ارشد کے سر میں زیادہ شدید چوٹ آئی تھی جبکہ اُسکی آنکھیں بھی زخمی تھی ۔ملک پورہ سمبل بانڈی پورہ میں 8مئی کو پیش آئے واقعہ پر احتجاجی مظاہرے وادی بھر میں پھوٹ پڑے تھے جبکہ چھانہ بل پٹن میں بھی احتجاج ہوا تھا،جس میں ارشد نے حصہ لیا تھا ۔

کئی علاقوں میں پر تشدد مظاہرے بھی ہوئے اور مشتعل مظاہرین کو قابو میں رکھنے کےلئے پولیس وفورسز نے ٹیر گیس شلنگ کے ساتھ ساتھ دیگر آہنی ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا ۔ان مظاہروں کے دوران ارشد بھی زخمی ہوا اور 3 روز تک اسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلاءرہنے کے بعد ارشد نے بدھ رات دیر گئے زندگی کی آخری سانس اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں لی ۔

 

بشکریہ جی این ایس 

Popular Categories

spot_imgspot_img