پیر, اپریل ۱۳, ۲۰۲۶
12.6 C
Srinagar

شوپیاں میں پلیٹ کا قہر ،متعدد زخمی ،ترال میں17نوجوان

سرینگرشوپیاں میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران پلیٹ چھروں کی برسات سے مزید تین نوجوانوں کی آنکھوں میں چھرے پیوست ہوئے اور اُنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر ضلع اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اُنہیں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد صدر اسپتال سرینگر ریفر کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تینوں نوجوانوں کی بینائی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

وادی کشمیر میں پلیٹ کا قہر جاری ہے۔ نمائندے کے مطابق اتوار کے روز شوپیاں میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس دوران فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے بے تحاشہ پلیٹ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو درجن سے زائد افراد پلیٹ لگنے سے زخمی ہوئے ۔

تین نوجوانوں کی آنکھوں میں پلیٹ چھرے پیوست ہوئے اور اُن کو ضلع اسپتال شوپیاں سے صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ مذکورہ نوجوانوں کی شناخت 35سالہ شبیر احمد ولد غلام محمد بٹ ساکنہ چیک چہلن شوپیاں، 20سالہ سمیر احمد شاہ ولد نذیر احمد شاہ ساکنہ اقبال پورہ شوپیاں اور وسیم احمد ملہ ولد فیاض احمد ساکنہ ریشی پورہ حرمین شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔ نمائندے کے مطابق تینوں نوجوانوں کی ایک آنکھ میں پلیٹ چھرے لگے ہیں اور ڈاکٹروں نے بینائی متاثر ہونے کو خارج ا زامکان قرار نہیں دیاہے۔

شوپیاں جھڑپ :جاں بحق جنگجو نے محض 8روز قبل ہی ملی ٹینٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی

شوپیاں جھڑپ میں جاں بحق جنگجو نے آٹھ روز قبل ہی ملی ٹینٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق جنوبی ضلع شوپیاں کے ہیند گاﺅں میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں دو عسکریت پسندجاں بحق ہوئے۔

تصادم کے دوران جاں بحق ہوئے جنگجو عادل بشیر وانی ساکنہ واری پورہ دمہال ہانجی پورہ کولگام نے آٹھ روز قبل ہی عسکریت پسند تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ مقامی ذرائع کے مطابق ایک ہفتے قبل عادل احمد کی بندوق لئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد والدین نے سوشل میڈیا پر اپنے لخت جگر کو واپس گھر آنے کی استدعا بھی کی تھی ۔ ذرائع کے مطابق جاوید احمد بٹ نامی عسکریت پسند نے گزشتہ سال ملی ٹینٹ گروپ کو جوائن کیا تھا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ دونوں قابل اور ذہین تھے ۔

ترال میں پچھلے دو روز سے 17نوجوان گرفتار

جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں پچھلے دو روزسے سیکورٹی فورسز نے 17نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیاہے۔ پولیس ذرائع نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سنگباری کے سلسلے میں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

جنوبی کشمیر میں مبینہ طورپر سنگباری میں ملوث نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ترال کے سید آباد پستونہ علاقے میں پچھلے دو روز سے سیکورٹی فورسز نے 17نوجوانوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ فورسز نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران نوجوانوں کو حراست میں لیا جس کے باعث لوگ خوف ودہشت کا شکار ہو گئے ہیں۔ ادھر والدین نے بتایا کہ جرم بیگناہی کے الزام میں اُن کے لخت جگروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق چند نوجوانوں کو سنگباری کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 6مئی کو انتخابات کے دوران نوجوانوں نے پولنگ عملے اور پولنگ اسٹیشنوں پر پتھراو کیا جنہیں تلاش کرنے کیلئے ہی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ثبوتوں کی بنیاد پر ہی نوجوانوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ یو پی آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img