سرینگر:شہر خاص کے نوہٹہ علاقے میں جمعہ کو اُس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب یہاں نماز جمعہ کے بعد نوجوانوں نے احتجاجی صدا بلند کی ۔عینی شاہدین کے مطابق شہر خاص کے نوہٹہ علاقے میں واقع مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے بعد نوجوانوں کی ایک خاصی تعداد مسجد کے احاطے میں جمع ہوئی ۔
یہاں سے نوجوانوں نے ایک احتجاجی مارچ نکالنے کی کوشش کی جسکی پولیس نے اجازت نہیں دی ۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس وفورسز کی بھاری نفری کو جامع مسجد سرینگر کے گرد ونواح میں نماز جمعہ سے قبل ہی احتیاطی اقدامات کے تحت تعینات کیا گیا تھا ۔
احتجاجی خدشہ کے مطابق جونہی نوجوانوں نے مارچ نکالنے کی کوشش کی ،تو فورسز نے حرکت میں آکر کارروائی کی اور ان کا تعاقب کیا ۔اس دوران مظاہرین متشعل ہوئے جنہوں نے فورسز پر پتھرائو کیا ۔
فورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتربتر کرنے کےلئے ٹیر گیس شلنگ کے ساتھ ساتھ مبینہ طور پیلٹ فائرنگ بھی کی ،جسکے نتیجے میں کم ازکم پانچ مظاہرین کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔
نوہٹہ اور اسکے گرد ونواح میں تشدد بھڑک اٹھنے کے بعد معمول کی تجارتی ،کاروباری اور دیگر سرگرمیاں متاثر ہوئیں ۔





