سرینگر:ناجائز منافع خوری ،ذخیرہ اندوزی اورغیر معیاری اشیا¿ خوردنی کی فروخت کا قلع قمع کرنے کے لئے وادی بھر میں مارکیٹ چیکنگ سکارڈ کو متحرک کردیا گیا ہے۔
چیکنگ سکارڈوں نے مختلف بازاروں میں درجنوں تاجروں اوردکانداروں کے خلاف کارروائی کرکے اُن پر جرمانہ عائد کیا ۔حبہ کدل اور شہر سرینگر کے دیگر کئی علاقو ں میں خوراک،رسدات اور عوامی تقسیم کاری اورایل ایم ڈی پر مشتمل سکارڈ نے قصوروار دکانداروں سے 14000روپے کا جرمانہ وصول کیا۔
بڈگام میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ،ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ پولیس ہیڈکوارٹر بڈگام،ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کمیٹی اور ایل ایم ڈی کے ضلع آفیسران پر مشتمل سکارڈ نے قصورواردکانداروں پر 12000روپے کا جرمانہ عائد کیا۔جب کہ چیکنگ ٹیم نے فٹ پاتھوں پر ناجائز قبضوں اورتجاوزات کو ہٹاکر فُٹ پاتھوں کا غیر قانونی استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔اُدھر اے ڈی سی ہندوارہ کی نگرانی میں مارکیٹ چیکنگ سکارڈ نے قصوروار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میںلاتے ہوئے اُن سے 3500روپے کا جرمانہ وصول کیا۔
