سری نگر::: سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں سنگم کے قریب ٹول ٹیکس وصول کرنے کے معاملے پر ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے کہا ہے کہ مقامی باشندے یہ ٹیکس ادا کرنے سے مستثنیٰ ہوں گے۔
جمعرات کو یہاں ٹی آر سی فلائی اوور کا افتتاح کرنے کے بعد ستیہ پال ملک نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے سنگم ٹول ٹیکس کے حوالے سے کہا ‘مقامی لوگوں کو کوئی ٹیکس ادا نہیں کرنا ہوگا، ہم نے مرکزی سرکار کے ساتھ معاملہ اٹھایا ہے لیکن رواں انتخابات کے پیش نظر وہاں کام میں سست رفتاری آئی ہے’۔
وادی کی تمام تجارتی انجمنیں، مسافر، اور دیگر کاروباری لوگ اس سرکاری فیصلے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچرس فیڈریش نے گذشتہ روز کہا کہ ماہ رمضان کے آغاز میں ہی ٹول ٹیکس کی ادائیگی کا فیصلہ ایک سطحی نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے اور وادی کی معشیت کو غرق کرنے کا ایک بہانہ ہے۔
دریں اثنا نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے بھی حکومت سے یہ ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔نیشنل کانفرنس نے حکومت کے اس فیصلے کو غیر منصفانہ فیصلہ قرار دیا ہے جبکہ پی ڈی پی نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے وادی کے اقتصادی لحاظ سے کمزور لوگوں کی کمر ٹوٹے گی۔