جمعرات, جنوری ۲۳, ۲۰۲۵
0.9 C
Srinagar

24مراکز تک ہیلی کاپٹر کے ذریعے پولنگ عملہ روانہ

پلوامہ، شوپیان/پارلیمانی نشست اننت ناگ میں تیسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ سے ایک روز قبل ہی پورے جنوبی کشمیرمیں چھپے چھپے پر سیکورٹی کا سخت پہرہ بٹھایا گیا ہے جس کے نتیجے میں اتوار کی صبح سویرے سے ہی بازاروں میں سناٹا چھایا رہا۔اس دوران پولنگ عملے اور ووٹران کی حفاظت کے لئے دونوں اضلاع میں سیکورٹی کے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں جبکہ اکثر پولنگ مراکز کوپانچ دائروں والی سیکورٹی کور کے تحت لایا گیاہے ۔ادھر ذرائع نے بتایا کہ شام دیر گئے تک تمام علاقوں میں پولنگ عملے کو روانہ کیا جائےگا جس میںشوپیان کے سب ڈسٹرکٹ زینہ پورہ میں قائم24مراکز تک عملہ اور ساز سامان بذریعہ ہیلی کاپٹر روانہ کیا گیا ۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق جنوبی کشمیر کی پارلیمانی نشست کے آخری اور تیسرے مرحلے کی پولنگ سے ایک روز قبل ہی شوپیان اور پلوامہ اضلاع کو فوجی چھاﺅنیوں میں تبدیل کیا گیا ہے جس دوران دونوں اضلاع میں عام لوگوں کے اندر خوف و دہشت کا ماحول پایا جارہا ہے۔ معلوم ہوا ہے اننت ناگ کی پارلیمانی نشست جہاں آج حق رائے دہندگان سیاسی اُمیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرنے جارہے ہیں ، میں اتوار کی صبح سے ہی اکثر بازار بند پڑے رہے جبکہ بعد دوپہر ہی اندرون و بیرون سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل مکمل طور پر غائب رہی۔ اس دوران یہاں سیول کرفیو کی صورتحال چھائی رہی جس کے نتیجے میں تجارتی مراکز، دوکانات اور دیگر کاروباری ادارے مکمل طور پر ٹھپ رہے جبکہ بازاروں اور شاہراہوں سے لوگوں کی آواجاہی بھی اچانک غائب ہوئی۔ اس دوران انتظامیہ نے جنوبی کشمیر میں تیسرے مرحلے کی پولنگ کو افرا تفری سے پاک ماحول میں منعقد کرانے کی خاطر سیکورٹی کے کڑے انتظامات عمل میں لائے ہیں جبکہ پولنگ عملے اور مراکز کے ارد گرد سیکورٹی کا جال بھنا گیا ہے۔ انتظامیہ نے پولنگ عملے کی حفاظت کےلئے پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں قائم 600پولنگ مراکز کو پانچ سیکورٹی کور کے تحت لایا ہے تاکہ سرکاری عملے کےساتھ ساتھ ووٹران کو کسی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ذرائع نے کشمیرنیوز سروس کو بتایا کہ پولنگ والے علاقوں میں عملے اور سازو سامان کو قبل از وقت ہی کڑے سیکورٹی حصار میں روانہ کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پہاڑی ضلع شوپیان جہاں گزشتہ دنوں فوج اور جنگجوﺅں کے مابین خونین تصادم آرائی میں حزب المجاہدین کے 3مقامی جنگجو جاں بحق ہوگئے تھے ، میں 24انتہائی حساس مانے جانے والے پولنگ مراکز تک عملے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ کردیا گیا ہے۔خیال رہے شوپیان اور پلوامہ میں آج یعنی 6مئی2019کو اننت ناگ پارلیمانی نشست کے تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت ووٹنگ منعقدہورہی ہے جس دوران دونوں اضلاع میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد ووٹران اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ قابل ذکر بات ہے کہ دونوں اضلاع میں مختلف سیاسی پارٹیوں اور بعض آزاد اُمیدوارمیدان میں قسمت آزمائی کررہے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img