منگل, جولائی ۱, ۲۰۲۵
29.7 C
Srinagar

اننت ناگ نشست:ہڑتال کے بیچ ووٹنگ عمل شرو ع

ایشین میل نیوز ڈیسک

شوکت ساحل

 

اننت ناگ : چار اضلاع پر محیط پارلیمانی نشست ’اننت ناگ ‘ تین مراحل کے تحت پولنگ ہوگئی جبکہ آج پہلے مرحلے کے تحت ضلع اننت ناگ میں آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں ۔ووٹنگ کا عمل ہڑتال کے بیچ صبح سات بجے شروع ہوا ،جو سہ پہر چار بجے اختتام پذیر ہوگا ۔الیکشن کمیشن نے اس انتخابی نشست کےلئے ووٹنگ اوقات میں تبدیلی لائی ۔اس سے قبل ووٹنگ کا عمل سات بجے شروع ہو کر شام چھ بجے ختم ہوتا تھا ۔

اننت ناگ نشست کےلئے پہلے مرحلے کے تحت 6اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں ۔ووٹنگ عمل کا آغاز انتہائی سست رفتاری سے شروع ہواہے ،بیشتر پولنگ مراکز پر سکوت دیکھنے کو ملا رہا ہے تاہم چند ایک پولنگ مرکز پر خواتین کی قطاریں بھی دیکھنے کو ملی ۔

اننت ناگ نشست کےلئے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں اور فورسز کی 170کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں ۔اننت ناگ ضلع میں تین مرحلوں پر مشتمل پارلیمانی اِنتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ آج صبح 7بجے سے سہ پہر 4بجے تک ہوگی ۔

اننت ناگ ضلع اننت ناگ ، ڈورو ، کوکر ناگ ، شانگس ، بجبہاڑہ اور پہلگام اسمبلی حلقوں پر مبنی ہے جس میں 269603 مرد ، 257540 خواتین ، 2102 سروس ووٹر اور 11 خواجہ سرا ووٹروں سمیت 529256 ووٹر درج ہیں ۔ ضلع میں 714 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

اس حلقہ میں نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی، بی جے پی کے صوفی یوسف، کانگریس کے غلام احمد میر، پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی ، نیشنل پینتھرس پارٹی کے نثار احمد وانی، پیپلز کانفرنس کے چودھری ظفر علی ، مانو ادھیکار پارٹی کے سنجے کمار دھر، پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے سریندر سنگھ اور آزاد اُمیدوار امتیاز احمد راتھر، رضوانہ صنم ،ریاض احمد بٹ، زبیر مسعودی ، شمس خواجہ ، علی محمد وانی ،غلام محمد وانی ، قیصر احمد شیخ ، منظور احمد خان اور مرزا سجاد حسین بیگ چناﺅ ی میدان میں ہیں۔

خواتین رائے دہندگان ایک پولنگ مرکز پر قطار میں نظر آرہی ہیں :تصویر سوشل میڈیا

کوکر ناگ اسمبلی حلقے میں 48742 مرد اور 44948 خواتین اور 180سروس ووٹروں سمیت سب سے زیادہ 93874 ووٹر درج ہیں جبکہ ڈورو میں سب سے کم 40764 مرد ، 37889 خواتین اور 374سروس ووٹروں پر مشتمل کُل 79029 ووٹر درج ہیں ۔

بجبہاڑہ اسمبلی حلقے میں 47067 مرد ، 46222 خواتین اور 227سروس ووٹروں پر مبنی 93516ووٹر ہیں ، شانگس میں 45360 مرد ،43010 خواتین اور 1031سروس ووٹروں پر مبنی89405 ووٹر ہیں۔ پہلگام میں 44115 مرد ،42498 خواتین اور121 سروس ووٹروں پر مبنی 86735ووٹرہیں جبکہ اننت ناگ میں 43555 مرد ،42973 خواتین اور 169سروس ووٹروں پر مبنی 86699ووٹر ہیں ۔ سب سے زیادہ 46225 خواتین ووٹر بجبہاڑہ حلقے میں ہیں ۔ اننت ناگ ضلع کے اسمبلی حلقوں میں شانگس میں سب سے زیادہ 1031 سروس ووٹر ہیں ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img