مجموعی ووٹنگ 45.7فیصد درج
سرینگر میں 14.1،ادھمپور میں70.2فیصد ووٹنگ ریکارڈ :سی ای او
شوکت ساحل
سرینگر فقید المثال سیکیورٹی بندوبست اور ہڑتال کے بیچ جمعرات کو ریاست میں دو پارلیمانی نشستوں سرینگر اور ادھمپور کےلئے دوسرے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے گئے،جس دوران سری نگر اور ادھمپور پارلیمانی حلقوں کے لئے 29.81 رائے دہندگان نے 24اُمیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میںقید کیا ۔ووٹ ڈالنے کا عمل صبح سات بجے شروع ہوکرشام چھ بجے ختم ہوا ۔چیف الیکٹورل افسر شیلندر کمار کے مطابق ریاست میں سرینگر اور ادھمپور پارلیمانی نشستوں کے لئے جمعرات کو ہوئی دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران پولنگ کی مجموعی شرح45.7فیصد رہی۔سرینگر میں14.1فیصد ووٹنگ درج کی گئی جبکہ ادھمپور میں70.2فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔
سرینگر اور ادھمپور پارلیمانی حلقوں میں پارلیمانی انتخابات کیلئے دوسرے مرحلے کی پولنگ جمعرات کوہوئی۔ جہاں سرینگر پارلیمانی حلقے میں صبح کم رفتار پر ووٹنگ شروع ہوئی، وہیں ا±دھمپور حلقے سے بھاری ووٹنگ ہوئی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ انتخابی بلٹن کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت جموں وکشمیر کی دو پارلیمانی نشستوں سرینگر اور ادھمپور کیلئے پہلے دو گھنٹے کے دوران مجموعی طور 6.1فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے ۔
اعداد وشمار کے مطابق سرینگر نشست کیلئے قریب ایک فیصد ووٹنگ ہوئی ۔ تین اضلاع پر مشتمل سرینگر پارلیمانی نشست کے ضلع بڈگام میں صبح 9بجے تک 1.6فیصد ، گاندربل میں 1.2فیصداور سرینگرمیں 0.9فیصد پولنگ ہوئی تھی جبکہ اسی طرح ادھمپور نشست کے 6اضلاع میں مجموعی طور پولنگ کی شرح 5فیصد رہی ۔ ریاسی میں 9.7فیصد ، کٹھوعہ میں 13.5فیصد ، ادھمپور میں 12.0فیصد، رام بن میں 2.8فیصد ، ڈوڈہ میں 9.7فیصد اور کشتواڑ میں 4.0فیصد ووٹنگ درج کی گئی تھی ۔صبح 11بجے تک ان نشستوں میں مجموعی طور پر ووٹنگ کی شرح 17.8درج کی گئی ۔سرینگر نشست :بڈگام میں 6.4فیصد ،گاندر بل میں 6.5فیصد اور سرینگر میں 2.3فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔ادھمپور نشست: ادھمپور نشست کے 6اضلاع کے ضلع ریاسی میں 28.8فیصد ، کٹھوعہ میں28.5فیصد ، ادھمپور میں28.7فیصد، رام بن میں19.5فیصد ، ڈوڈہ میں 28.6فیصد اور کشتواڑ میں 23.6فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔سری نگر اور ادھمپور پارلیمانی حلقوں کے لئے 29.81 رائے دہندگان نے 24اُمیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میںقید کیا۔
دونوں حلقوں میں رائے دہندگان کی مجموعی تعداد 2981083تھی جن میں مرد ووٹروں کی تعداد 1543571، خواتین ووٹروں کی تعداد 1416387اور خواجہ سرا ووٹروں کی تعداد 69 تھی۔سری نگر اور ادھمپور حلقوں میں بارہ ،بارہ اُمید وار میدان میں ہےں۔اِنتخابات کے احسن انعقاد کے لئے دونوں حلقوں میں مجموعی طور 4426پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سونہ وار میں واقع برہان اسکول میں قائم پولنگ مرکز پر اپنے فرزند اور پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ کے ہمراہ ووٹ ڈالا جبکہ عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر بیگم خالدہ شاہ اور سینئر نائب صدرمظفر شاہ نے ایس پی ہائر اسکینڈری اسکول میں قائم اپنی رائے دہی کا استعمال کیا ۔
سری نگر پارلیمانی حلقہ:یہ پارلیمانی حلقہ تین اضلاع گاندربل، سری نگر اور بڈگام کے 15اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے،یہاں ووٹروں کی مجموعی تعداد 1295304تھی جس میں 1294560جنرل ووٹر اور 744سروس ووٹر شامل ہیں۔جنرل ووٹروں میں مرد ووٹروں کی تعداد 667252اور خواتین ووٹروں کی تعداد 627282 تھی۔سروس ووٹروں میں 728مرد ووٹر اور 16خواتین ووٹرتھیں جبکہ خواجہ سرا ووٹروں کی کل تعداد 26تھی۔چناﺅ عمل کے منصفانہ انعقاد کے لئے حکام نے پورے پارلیمانی حلقے میں 1716 پولنگ مراکز قائم کئے تھے۔اِس حلقے میں جو اُمید وار میدا ن میں ہیں اُن میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے خالد جہانگیر ،پی ڈی پی کے آغاسیّد محسن ،نیشنل پینتھرس پارٹی کے عبدالرشید گنائی ،نیشنل کانفرنس کے ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،جنتا دل یونائیٹیڈ کے شوکت حسین خان، شیو سینا کے عبدالخالق بٹ ، پیپلز کانفرنس کے عرفان رضا انصاری، راشٹر یہ جن کرانتی پارٹی کے نذیر احمد لون، مانو ادھیکار نیشنل پارٹی کے نذیر احمد صوفی کے علاوہ آزاد اُمید وار بلال سلطان ، سجاد احمد ڈار، عبدالرشید بانڈے شامل ہیں۔2017ءکے ضمنی انتخابات میں سری نگر پارلیمانی حلقے میں ووٹروں کی کل تعداد 1261395تھی۔اِن ضمنی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کے ڈاکٹر عبداللہ کے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے نذیر احمد خان کو 10766ووٹوں سے شکست دے کر اِس نشست پر جیت درج کی تھی۔طارق حمید قرہ کے استعفیٰ دینے کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی تھی۔
ادھمپور پارلیمانی حلقہ:ادھمپور پارلیمانی حلقے میں جن اُمیدواروں کے مابین مقابلہ ہو رہا ہے اُن میں بہو جن سماج پارٹی کے تِلک راج بھگت، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈاکٹر جتندر سنگھ، انڈین نیشنل کانگریس کے وِکرما دتیا سنگھ ،جے کے نیشنل پینتھرس پارٹی کے ہرش دیو سنگھ ،ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن کے چودھری لال سنگھ، نورنگ کانگریس پارٹی کے محمد ایوب،شیو سینا کی میناکشی کے علاوہ آزاد اُمید وار بنسی لال، راکیش مڈگل ،شبیر احمد ، غریب سنگھ اور فردوس احمد شامل ہیں۔یہ پارلیمانی حلقہ کشتواڑ ، ڈوڈہ ، رام بن ، ریاسی ، اودھمپور اور کٹھوعہ اضلاع کے 17اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے۔
اودھمپور پارلیمانی نشست کے لئے ووٹروں کی کُل تعداد 1685779تھی جن میں 1665467جنرل ووٹروں کے بطور درج ہے جبکہ سروس ووٹروں کی تعداد 20312تھی۔جنرل ووٹروں میں مرد ووٹروں کی تعداد 876319اور خواتین ووٹروں کی تعداد 789105تھی۔سروس ووٹروں میں 20052مرد اور 260خواتین شامل تھیں جبکہ خواجہ سرا ووٹروں کی تعداد 43تھی۔اس پارلیمانی حلقہ میں 2710پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے۔2014کے عام انتخابات میں اس پارلیمانی حلقے میں رائے دہندگان کی کل تعداد 1469072تھی۔پچھلے پارلیمانی اِنتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اپنے قریبی مد مقابل کانگریس کے غلام نبی آزاد کو شکست دی تھی۔جتندر سنگھ نے 487369 ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ غلام نبی آزاد نے 426393ووٹ حاصل کئے تھے۔دوپہر ایک بجے تک ان نشستوں میں مجموعی طور پر ووٹنگ کی شرح 29.6درج کی گئی ۔
سرینگر نشست :بڈگام میں11.4فیصد ،گاندر بل میں11.0فیصد اور سرینگر میں4.8فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔ادھمپور نشست: ادھمپور نشست کے 6اضلاع کے ضلع ریاسی میں49.2فیصد ، کٹھوعہ میں49.7فیصد ، ادھمپور میں48.7فیصد، رام بن میں39.3فیصد ، ڈوڈہ میں 43.2فیصد اور کشتواڑ میں39.3فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔ریاستی چیف الیکٹورل افسر شیلند کمار نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں سرینگر اور ادھمپور پارلیمانی نشستوں کے لئے جمعرات کو ہوئی دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران پولنگ کی مجموعی شرح45.7فیصد رہی۔سرینگر میں14.1فیصد ووٹنگ درج کی گئی جبکہ ادھمپور میں70.2فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔