بستی، 17 اپری : اترپردیش کے سابق وزیر اور بستی لوک سبھا حلقے میں كانگریس امیدوار راج كشور سنگھ نے دعوی کیا کہ ملک میں کانگریس کی تیزی سے بڑھتی ہوئی عوامی حمایت سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر گھبرائے ہوئے ہیں۔
مسٹر سنگھ نے بدھ کے روز یہاں صحافیوں سے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ مہنگائی، بدعنوانی، بے روزگاری اور دہشت گردی کو روکنے میں ناکام بی جے پی کی عوامی تائید میں مسلسل کمی آرہی ہے۔بیرونی ممالک سے کالا دھن لانے اور سب کے کھاتوں میں 15 لاکھ روپیہ بھیجنے کی بات فرضی ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے غریبوں، کسانوں اور مزدوروں کی حالت بہتر ہونے کے بجائے ابتر ہو گئی ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کی ناقص پالیسیوں کے سبب بڑی تعداد میں سپاہیوں شہید ہوئے ۔ حقیقت چھپانے کے لئے سرجیکل اسٹرائک کی دہائی دی جا رہی ہے۔
کانگریس کے رہنما نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے ملک کے صنعت کاروں کے مفادات کا خیال رکھا جبکہ کسانوں، نوجوانوں اور بے روزگاروں کے مفادات کو نظر انداز کیا گیا۔ بی جے پی کے کہنے اور کرنے میں کافی فرق ہے۔ ملک کے عوام اب اس حقیقت کو جان گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ كانگریس سب سے زیادہ نشستیں جیت کر مرکز میں حکومت بنائے گي اور راہل گاندھی ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔
یو این آئی۔