ہفتہ, جنوری ۲۵, ۲۰۲۵
2.6 C
Srinagar

بھاجپا کے منصوبوں کو ناکام بنانا ہوگا:میر

سرینگر/ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے پی ڈی پی ، بی جے پی کے غیر مقدس اتحاد کو کشمیریوں کے اندر بیگانگی کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حالات کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے اقتدار پرست سیاسی پارٹیوں کے منصوبوں کو ناکام بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ بھاجپا کا بنیادی مقصد ہی لوگوں کو مذہب اور ذات پات کے نام پر تقسیم کرنا ہے تاہم اب وہ عوام کے درمیان مکمل طور پر بے نقاب ہوچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے شمالی کشمیر کے کئی علاقوں بشمول لولاب، ٹنگڈار اور سمبل میں چناﺅی جلسوں سے خطاب کے دوران پی ڈی پی، بی جے پی کے غیر مقدس اتحاد کو کشمیریوں کے اندر بیگانگی کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وقت کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اقتدار کی ہوس رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے منصوبوں کو خاک میں لائیں۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ جو سیاسی پارٹیاں حصول اقتدار کی خاطر عوام کو مختلف نعروں کی آڑ میں بے وقوف بناکر کرسی پر سوار ہوتے ہیں انہیں ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔غلام احمد میر نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ڈی پی، بی جے پی اور اُن کے آلہ کاروں کی سیاسی پینترہ بازیوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی ریاست کے تینوں خطوں میں رہائش پذیر عوام کو متحد کرنے کےساتھ ساتھ ان کے حقوق کی حفاظت کرنے کی اہل ہے۔ شمالی کشمیر کے دورے کے دوران کانگریس صدر کے ہمراہ حاجی عبدالرشید ڈار، غلام نبی مونگا، عثمان مجید، محمد مظفر پرے، حاجی فاروق میر، امتیاز پرے، ارشاد احمد کے علاوہ دیگر پارٹی لیڈران موجود تھے۔عوام کے خطاب کے دوران غلام احمد میر نے بھاجپا اور پی ڈی پی پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیاں ووٹوں کے حصول کی خاطر لوگوں کا استحصال کررہی ہے ۔ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے عوام سے آج تک جتنے بھی وعدے کئے وہ سبھی سراب ثابت ہوئے اور اب پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر دونوں سیاسی پارٹیاں دوبارہ میدان میں آکر لوگوں کو گمراہ کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہیں۔بھاجپا کی طرف سے جاری الیکشن منشور کو من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے غلام احمد میر نے بتایا کہ ملک کے عوام اب دوبارہ بھاجپا جیسی سیاسی جماعت پر بھروسہ نہیں کرےگی کیوں کہ انہوں نے ملک کی سیکولر روایات اور فرقہ وارانہ بھائی چارے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھاجپا کا بنیادی مقصد ہی لوگوں کو مذہب اور ذات پات کے نام پر تقسیم کرنا ہے تاہم اب وہ عوام کے درمیان مکمل طور پر بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں اس بار پرامید ہوں کہ ملکی عوام بھاجپا کی منصوبوں کو خاک میںملاکر انہیں ہر حیثیت سے ناکام و نامراد کرےگی اوراپنے مضبوط منڈیٹ سے کانگریس اور دیگر سیکولر قوتوں کو موقعہ فراہم کرےگی۔انہوں نے بتایا کہ سابق مخلوط حکومت کے دور میں ریاست کے امن کو شدید نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔ پی ڈی پی کے دور اقتدار میں سینکڑوں لوگوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا جبکہ اس دوران چھوٹے چھوٹے بچوں کو ناکردہ گناہوں سے سزا دی گئی۔کانگریس صدر نے پی ڈی پی کے دور حکومت کو ریاست کا سیاہ ترین دور قرار دیا۔اس موقعے پر انہوں نے ریاست کے تمام ووٹران سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کو اپنا ووٹ دے کر امن، سلامتی، تعمیر و ترقی اور فرقہ وارانہ بھائی چارے کے ماحول کو زندہ کرنے میںاپنا رول ادا کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img