سری نگر، 21 نومبر:قومی دارالحکومت دہلی کے بھارت منڈپم، پرگتی میدان، میں 13 نومبر سے جاری 45 ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں ہال نمبر ایک کی پہلی منزل پر وادی کشمیر کے کہنہ مشق دستکاروں نے جموں و کشمیر پویلین میں اپنے شاہ کار فن پارے سجا رکھے ہیں۔ میلے میں آنے والے لوگ، خاص طور پر جنہیں کشمیری دستکاری سے شغف ہے، کچھ خریدیں یا نہ خریدیں، مہینوں اور برسوں کی محنت سے بنے ان فن پاروں کو دیکھے اور چھوئے بغیر آگے نہیں بڑھتے۔
فن پاروں کی ان قطاروں اور گہما گہمی کے بیچ کشمیر کی صدیوں پرانی اور عالمی شہرت یافتہ دستکاری سے وابستہ ایک ماہر دستکار ملکی وغیر ملکی خریداروں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ وہ اپنے اسٹال پر مختلف ڈیزائن اور قیمتوں کے شال فروخت کرتا ہے، اور ساتھ ہی ’ہنر دکھانے کے لیے مختص جگہ‘ پر موقع پر ہی ایک جامہ شال تیارکررہا ہے۔ وہ خریداروں کو اس کی تیاری کی ایک ایک تفصیل بتاتا ہے، جسے سن کر وہ دنگ رہ جاتے ہیں۔ اس کاریگر کے گرد میلے میں آنے والوں کی بھیڑ رہتی ہے، جن میں اکثریت نوجوانوں کی ہے۔ وہ اسے شال پر کام کرتے دیکھ کر لطف اٹھاتے ہیں، اس کے ساتھ تصویریں کھنچواتے ہیں اور ریلز بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہیں، جس سے اس کی شہرت عالمی سطح تک پہنچ رہی ہے۔
وسطی ضلع بڈگام کے سونہ پاہ گاؤں کے رہنے والے یہ قومی ایوارڈ یافتہ دستکار بشیر احمد بٹ ہیں۔ حکومت ہند نے ان کے گاؤں کوروایتی کشمیری دستکاری کے فروغ اور تحفظ کے لیے کرافٹ ولیج کا درجہ دے رکھا ہے۔ ان کی شہرت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہینڈ لوم ڈے پر انہیں دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا، جہاں انہوں نے شالبافی کے فن پران سے تفصیلی گفتگو کی۔
سونہ پاہ بیروہ تحصیل میں تقریباً 400 گھرانوں پر مشتمل بستی ہے، جہاں کے 20 سے زائد افراد اپنے نفیس سوزنی کام پر ریاستی اور قومی ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ بشیر احمد کے مطابق یہ ہنر تقریباً 200 سال پہلے ایک مذہبی مبلغ غلام حسن شیرا نے گاؤں میں متعارف کرایا تھا، اور ان کے والد غلام احمد بٹ اولین افراد میں تھے جنہوں نے یہ فن ان سے سیکھا۔ بشیر احمد تقریباً چار دہائیوں سے اس فن سے وابستہ ہیں۔ وہ 2016 میں جے پور میں منعقدہ برکس ہینڈی کرافٹ ایکسچینج پروگرام میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔
بشیر احمد نے اپنے ہنر اور اس کے پس منظر و پیش منظر کے بارے میں ہندوستھان سماچار سے تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال میلے میں ڈبل سائیڈ شال رکھے گئے ہیں، جنہیں دونوں طرف سے پہنا جا سکتا ہے۔ ان کی قیمت 1.5 لاکھ سے 9 لاکھ روپے تک ہے۔ ان میں ایک مخصوص شال ’عکسی شال‘ بھی ہے۔ ان کا کہنا ہے: ’’عکسی شال کا کام زیادہ باریک ہوتا ہے۔ اسے تیار کرنے میں 3 سال لگ جاتے ہیں اور اس کی قیمت 9 لاکھ روپے ہوتی ہے، جبکہ نیم جامہ شال کی قیمت 1.5 لاکھ روپے ہے۔ باقی عام شال 10 ہزار سے 20 ہزار روپے کے ہیں۔‘‘
بشیر احمد اس دستکاری کے مستقبل کو تابناک قرار دیتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں: ’’جب میں نے یہ کام شروع کیا تو میری آمدنی صفر تھی، میرے پاس کچھ بھی نہیں تھا۔ لیکن اس دستکاری کی بدولت آج میرے پاس تقریباً سب کچھ ہے، یہاں تک کہ ملک کے بڑے بڑے لوگ میرے ساتھ بیٹھنے اور تصویر کھنچوانے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔‘‘ ان کے مطابق وقت کے ساتھ حالات بدل گئے ہیں: ’’ایک زمانہ تھا جب کاریگر کو تاجر سے کام مانگنا پڑتا تھا، لیکن آج تاجر کاریگر سے شال تیار کرنے کی منتیں کرتا ہے۔‘‘ تاہم وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اس صنعت کو زندہ رکھنے میں سب سے بڑا کردار ایکسپورٹرز ادا کر سکتے ہیں۔ ان کے بقول: ’’اگر وہ اچھی قیمت دیں گے تو صنعت کو زیادہ فروغ ملے گا اور کاریگروں کا روزگار مستحکم ہوگا۔‘‘
بشیر احمد اسے ایک مقدس ورثہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’یہ ہمارے پاس حضرت شاہ ہمدان (رح) کی امانت ہے۔ ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے، اس کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے اور اسے منظم طریقے سے نسل در نسل منتقل کرنا چاہیے۔‘‘ یہ دستکاری ان کے پورے خاندان کا ذریعہ معاش ہے۔ انہوں نے کہا: ’’میں اس کام سے عزت اور شان کے ساتھ بسراوقات کرتا ہوں۔ میری بیٹیاں، میرا بیٹا اور دوسرے رشتہ دار بھی اسی سے روزگار کمارہے ہیں، اور ان میں سے بعض کو شاہ کار فن پارے تیار کرنے پر مختلف ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔‘‘ انہوں نے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ سرکاری نوکریوں کے انتظار میں وقت ضائع کرنے کے بجائے یہ ہنر سیکھ کر اپنے روزگار کا بندوبست کریں۔
بشیراحمد کو ایک شکوہ بھی ہے۔ ان کے مطابق ان جیسے دستکاروں کے لیے جگہ کی بکنگ تاخیر سے ہوتی ہے، اس لیے انہیں ٹریڈ فیئر میں مناسب جگہ نہیں ملتی، جس سے کاروبارمتاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ہماری بکنگ تاخیرسے ہوتی ہے، اس لیے ہمیں اسپیشل ہال نہیں ملتے، کیونکہ وہ پہلے ہی بک ہو چکے ہوتے ہیں۔ ہمیں ہال نمبرایک کی پہلی منزل پر جگہ ملتی ہے جوالگ تھلگ ہے اور داخلہ گیٹ سے بہت دور ہے، اس لیے گاہکوں کو ہم تک پہنچنے میں دقت ہوتی ہے۔‘‘
اس کے باوجود خریدار ان کے پاس آتے ہیں اور شالبافی کے اسرار و رموز جاننے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہیں۔ بشیر احمد گزشتہ تقریباً 25 برس سے مسلسل اس میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔ ان کے کئی پرانے گاہک ہر سال میلے کی تاریخوں کا انتظار کرتے ہیں تاکہ انہیں ان سے ملاقات کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا: ’’کئی خریدار ایسے ہیں جو مجھے وہ تصویریں اور ویڈیوز دکھاتے ہیں جو انہوں نے سال 2000 میں کھینچی تھیں۔‘‘ ان کا کہنا ہے: ’’وہ مجھ سے شال بنانے کے رموز پوچھتے ہیں اور میں انہیں موقع پر ہی اس فن کے سنگین کام کی تمام تفصیلات بتاتا ہوں، جنہیں سن کر وہ دنگ رہ جاتے ہیں۔‘‘
بشیر احمد کے مطابق وہ صرف میلوں کے دوران ہی شال فروخت نہیں کرتے، بلکہ انہیں دنیا کے کئی ممالک سے آن لائن آرڈر بھی ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’مجھے امریکہ، یورپ اور کینیڈا سے آرڈر ملتے ہیں، اور حال ہی میں سعودی عرب سے بھی۔ گزشتہ سال پونے کے ایک خریدار نے شال بُک کی تھی، جو میں نے اسے ساڑھے 7 لاکھ روپے میں دی۔ سعودی عرب سے ایک فون آیا کہ جو شال میں بنا رہا تھا، اس کی مکمل ویڈیو انہیں درکار تھی۔‘‘
وہ کہتے ہیں کہ اس دستکاری کو زندہ رکھنے کے لیے مرکزی حکومت مختلف اسکیمیں متعارف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’مرکزی اور ریاستی حکومت کی اسکیموں کے تحت سینٹر قائم کیے جاتے ہیں، جن میں ہمیں بطور استاد لیا جاتا ہے اور ہم نوجوانوں کو یہ کام سکھاتے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا ہے: ’’میرے ساتھ تقریباً 12 تجربہ کار کاریگر کام کرتے ہیں، جن کی قیادت میں خود کرتا ہوں۔ وہ سب کے سب ایوارڈ یافتہ ہیں۔‘‘
اسی دستکاری کی بدولت قومی ایوارڈ یافتہ بشیر احمد کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا موقع بھی ملا۔ انہوں نے کہا: ’’7 اگست کو ہینڈ لوم ڈے تھا۔ مجھے دہلی بلایا گیا، جہاں میں نے مودی جی سے ملاقات کی اور اس دستکاری کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی، جسے انہوں نے انہماک سے سنا۔‘‘
ہندوستھان سماچار



