جموں، 21 نومبر: جموں کے مرکزی بس اسٹینڈ کے قریب ہفتہ کی صبح ایک فوجی اہلکار پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ حکام کے مطابق مذکورہ اہلکار چھٹی گزارنے کے بعد اپنی تعیناتی کی جگہ واپس جا رہا تھا۔
متوفی کی شناخت 31 سالہ سنجیت سنگھ سکنہ دھار چندرکوٹ، ضلع رام بن کے طور پر ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ سنجیت سنگھ اپنی چھٹی کے دوران اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد گورداسپور واپس جا رہا تھا، جہاں اس کی تعیناتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح تقریباً 5 بج کر 40 منٹ پر اس کی لاش جموں بس اسٹینڈ کے قریب بی سی روڈ پر پڑی ہوئی ملی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اسپتال منتقل کیا گیا، تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
سنجیت سنگھ کے پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کے سلسلے میں قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔تاکہ موت کی اصلی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔





